1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیائی گیمز ہاکی: 20 سال بعد پاکستان کی جیت

25 نومبر 2010

سولہویں ایشیائی کھیلوں میں پاکستان کی ہاکی ٹیم نے مردوں کی ہاکی کے فائنل میچ میں ملائیشیا کی ٹیم کو شکست دے کر بیس برس بعد پہلی مرتبہ طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔ بھارت کی ٹیم کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی۔

https://p.dw.com/p/QHn0
تصویر: AP

جمعرات کو آؤتی ہاکی سٹیڈیم میں پاکستان اور ملائیشیا کی ہاکی ٹیموں کے درمیان گولڈ میڈل کیلئے میچ کھیلا گیا۔ توقع کے مطابق ملائیشیا کی ٹیم نے گرین شرٹس کو زوردار مقابلہ پیش کیا۔ پاکستانی ٹیم کے فارورڈ اور دفاعی کھلاڑیوں میں تال میل بہتر رہا۔ پاکستان نے ملائیشیا کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ یہ گول سہیل عباس اور ریحان بٹ نے کئے۔ وقفے پر پاکستان ایک گول سے جیت رہا تھا۔

پہلے ہاف کے چھبیسویں منٹ میں عالمی شہرت کے فل بیک سہیل عباس نے پہلا گول کر کے پاکستانی ٹیم کو برتری دلا دی۔ وقفے کے تین منٹ بعد پاکستانی فارورڈ ریحان بٹ نے ایک شاندارگول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو دوگنا کر دیا۔ ایشیائی کھیلوں میں یہ پاکستان کی آٹھویں کامیابی ہے۔ اس کامیابی سے پاکستان کی ٹیم نے لندن اولمپکس کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

Feldhockey Pakistan gegen Spanien
ریحان بٹ: ہاکی میدان میںتصویر: AP

بیس سال کے طویل انتظار کے بعد پاکستان کی ہاکی ٹیم ایشیائی کھیلوں میں مینز ہاکی کے فائنل میں پہنچی اور کامیاب رہی۔ دوسری جانب ملائیشیا کو ہمیشہ سے ہاکی کھیل میں چھپا رستم خیال کیا جاتا ہے۔ ملائیشیا کی ٹیم کو چاندی کا تمغہ حاصل ہوا۔ ملائیشیا کی ہاکی ٹیم نے فائنل میچ سے قبل اپنے ملک کے روایتی انداز میں بطور نذر کے اپنے سر منڈوا دئے تھے۔

گوانگ ژو ایشیائی کھیلوں میں پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیموں سے حیران کن انداز میں ہارنے والی ٹیموں جنوبی کوریا اور بھارت کے درمیان تیسری پوزیشن کا میچ کھیلا گیا۔ یہ میچ ہاف ٹائم تک بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ بعد میں بھارتی ٹیم کی جانب سے تشار کھنڈکر نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ اس طرح بھارتی ٹیم کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں