ایشیز سیریز: کیون پیٹریسن کی جگہ آئن بیل ٹیم میں
26 جولائی 2009انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین سن دو ہزار نو کی ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران برٹش کھلاڑی کیون پیٹریسن کے زخمی اور پھر سیریز سے باہر ہونے کے بعد اتوار کے دن انگلش سیلیکٹرز نے اس سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے لئے آئن بیل کو تیرہ رکنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ کیون پیٹریسن اپنی انجری کی وجہ سے اب باقی ماندہ سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
دوسری طرف ستائیس سالہ بلے باز آئن بیل نے رواں سال فروری سے بین الاقوامی کرکٹ میں حصہ نہیں لیا ہے لیکن سیلکیٹرز بیل سے کافی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔ انگلش کرکٹ بورڈ نے دو باولرز اسٹیفن ہامرسن اور مونٹی پینسار کو بھی تیرہ رکنی ٹیم میں شامل کیا.
یہ امید بھی کی جا رہی ہے کہ اسٹار انگلش آل راونڈر کھلاڑی اینڈریو فلنٹوف گھٹنے کی انجری کے باوجود جمعرات سے ایجبیسٹن میں شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں حصہ لیں گے۔ اب تک کی ایشیز سیریز میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے گئے ہیں اور انگلینڈ کو آسٹریلیا پر ابھی تک ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: شامل شمس