1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایلون مسک کے خزانے سے 100 ارب ڈالر کم ہو گئے

14 دسمبر 2022

جب سے ارب پتی ایلون مسک نے شارٹ میسج سروس ٹویٹر کو خریدا ہے، ان پر دباؤ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ اب اس کا اثر ایلون مسک کی دولت اور جائیداد پر بھی پڑ رہا ہے اور وہ دنیا کے امیر ترین شخص نہیں رہے۔

https://p.dw.com/p/4Kvzg
Elon Musk ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص نہیں رہے
ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص نہیں رہےتصویر: Susan Walsh/AP/dpa/picture alliance

تجزیہ کاروں کے مطابق ٹیسلا کے باس ایلون مسک پر سرمایہ کاروں کا عدم اعتماد کم ہو رہا ہے اور یہ چیز ٹیسلا کے حصص کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ منگل کو ٹیسلا کے شئیرز میں پانچ فیصد سے بھی زائد کی کمی ہوئی ہے اور اس طرح اس کمپنی کا ایک شیئر تقریبا 158 ڈالر کا ہو گیا ہے، جو گزشتہ دو برسوں کی کم ترین سطح ہے۔

 حیرت انگیز طور پر امریکہ میں افراط زر میں کمی ہوئی ہے اور گزشتہ روز امریکی ٹیکنالوجی انڈیکس 'نیس ڈیک‘ بھی اوپر گیا ہے لیکن ٹیسلا شیئرز پر اس کا اثر منفی انداز میں پڑا ہے۔ رواں برس کے آغاز پر ٹیسلا کے ایک شئیر کی قیمت تقریبا 400 ڈالر تھی۔

بروکر ٹرپل ڈی ٹریڈنگ کے تجزیہ کار ڈینس ڈک کہتے ہیں کہ سرمایہ کاروں کو ڈر ہے کہ مسک کی ٹویٹس  ٹیسلا برانڈ کو نقصان پہنچائیں گی۔ ایک اسٹاک مارکیٹر نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے، ''بہت سے لوگ ٹیسلا سے دوری اختیار کر رہے ہیں کیوں کہ وہ سی ای او کے پیغام کی توثیق نہیں کرنا چاہتے‘‘۔ ویلتھ مینیجنگ کمپنی ڈکوٹا ویلتھ کے پورٹ فولیو مینیجر رابرٹ پاولک کے مطابق، جب سے مسک نے 'بے ڈھنگے‘ انداز سے ٹویٹر کمپنی خریدی ہے، تب سے ٹیسلا اسٹاک دباؤ کا شکار ہے۔

ایلون مسک کی دولت میں کمی

اس کا اثر اب مسک کے ذاتی پیسے کے ذخیرے پر بھی پڑا ہے۔ الیکٹرک کاریں اور خلائی راکٹ بنانے والی کمپنی کے ساتھ ساتھ ٹویٹر کے سربراہ ایلون مسک دنیا کے امیر ترین افراد کی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ بلومبرگ بلینیئرز اور فوربز دونوں ہی کی درجہ بندی میں گزشتہ برس ایلون مسک پہلے نمبر پر تھے اور اب دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

دنیا کا نیا امیر ترین شخص

دنیا کے امیر ترین افراد کی درجہ بندی میں اب پہلے نمبر پر فرانسیسی بیرنہار آرنو ہیں۔

بلومبرگ کے اندازوں کے مطابق جنوری سے اب تک مسک کی نجی دولت 100 بلین ڈالر کم ہو گئی ہے اور اب ان کے پاس تقریبا 163.6 بلین ڈالر باقی رہ گئے ہیں۔ دوسری جانب بیرنہار آرنو کی دولت کا تخمینہ تقریبا 170,8  ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ 73 سالہ بیرنہار آرنو فرانسیسی لگژری ایمپائر 'ایل وی ایم ایچ‘ کے چیئرمین ہیں، جس میں 'ڈیور‘ اور 'لوئی ویٹوں‘ جیسے فیشن آئیکن اور 'موئتے شادوں‘ جیسے شیمپین برانڈز شامل ہیں۔

ا ا / ر ب (ڈی پی اے، آر ٹی آر)

امیروں پر اضافی ٹیکس لگنا چاہیے؟