ایم ٹی وی یورپ ایوارڈز: امریکی گلوکار میلہ لوٹ گئے
9 نومبر 2010یورپی ملک اسپین کے دارالحکومت کے وسیع سپورٹس ہال میں ہزاروں افراد نے چکا چوند روشنیوں میں مشہور و مقبول فنکاروں کی پرفارمنس کا لطف اٹھایا۔ اس تقسیم ایوارڈز کی تقریب میں پرفارمنس کرنے والوں میں شکیرا کے علاوہ کیٹی پیری، بون جوی اور دوسرے فنکار بھی شامل تھے۔ اسی خصوصی تقسیم ایوارڈز کی تقریب میں نظامت کے فرائض مشہور امریکی اداکارہ ایوا لنگوریا نے ادا کئے۔
امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کو بہترین خاتون آرٹسٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ان کے ساتھ ایک اور امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کی ویڈیو کو بہترین قرار دیا گیا۔ ایوارڈ کی تقریب میں پیری کے شوہر بھی موجود تھے۔ امریکی گلوکارہ نے گزشتہ ماہ بھارت کے اندر بھارتی انداز میں برطانوی کامیڈین رسل برینڈ کے ساتھ شادی رچائی تھی۔
ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈ کی تقریب میں امریکی گلوکارہ لیڈی گا گا کو کل تین ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ان میں بہترین آرٹسٹ کے علاوہ بہترین پوپ ایکٹ اور بہترین گیت کے ایوارڈز بھی شامل ہیں۔ ان کا گیت‘‘ Bad Romance ’’ کو بہترین گیت کے انعام کا حقدار شائقین کی جانب سے قرار دیا گیا۔ گاگا کو ان ایوارڈز کی خبر بوڈاپیسٹ میں ملی جہاں وہ ایک بڑے کنسرٹ میں شریک تھیں۔ ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپیسٹ میں ایوارڈز قبول کرتے ہوئے گاگا نے سارے یورپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ان اعزازات کو وصول کر کے بہت خوش ہیں۔
میڈرڈ شہر میں ہونے والی تقریب میں بہترین مرد گلوکار کا ایوارڈ کسی نامی گرامی فنکار کو نہیں ملا بلکہ ایک نو عمر مقبول فنکار کو دیا گیا جس نے اپنے فن سے لاکھوں شائقین کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے۔ اس فنکار کا نام جسٹن بیبر ہے۔ بیبر کی عمر صرف سولہ برس ہے۔ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے فنکار کو موسیقی کی دنیا میں بہت پذیرائی حاصل ہو چکی ہے۔ اس تقریب میں کیٹی پیر کی ویڈیو ‘‘کیلیفورنیا گرلز’’ کو بہترین قرار دیا گیا تھا۔ اس طرح اس ایوارڈز کی تقریب میں تقریباً آدھے درجن ایوارڈز امریکی گلوکاروں نے حاصل کئے۔ ان میں لیجنڈری سنگر بون جوی بھی شامل ہیں۔ بون جوی کو گلوبل آئیکون ایوارڈ دیا گیا۔ اس ایوارڈ کی وجہ بون جوی کے 125 ملین البمز کی ساری دنیا میں فروخت ہے۔
رپورٹ: عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: کشور مصطفیٰ