1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایم کیو ایم نے وزارتیں پھر سے قبول کر لیں

5 مئی 2011

پاکستان میں سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے وفاقی کابینہ میں پھر سے شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/119Cv
تصویر: picture-alliance/ dpa

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ایک سینئر رہنما فاروق ستار نے بدھ کو یہ اعلان کراچی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک بھی موجود تھے، جنہوں نے کابینہ میں پھر سے شمولیت کے فیصلے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا۔

فاروق ستار نے بتایا کہ پاکستان اور لندن میں موجود پارٹی رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے ایک وفد نے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے بھی اس معاملے پر بات چیت کی ہے۔ فاروق ستار نے اس حوالے سے کہا، ’ہم نے (صدر اور وزیر اعظم کو) اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے اور ہمیں اس بات کا یقین دلایا گیا ہے کہ ان تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔‘

ایم کیو ایم کے حکام کے مطابق انہیں امن و امان کی ناقص صورت حال، معاشی بدحالی اور بدعنوانی پر تشویش ہے۔ فاروق ستار کا مزید کہنا تھا، ’ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ پارٹی کی تشویش دُور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے اور اسے پالیسی اور فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے گا۔’

Pakistan Innenminister Rehman Malik
پاکستانی وزیر داخلہ رحمان ملکتصویر: Abdul Sabooh

خیال رہے کہ وفاق میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں قائم حکومت رواں برس دو جنوری کو ایم کیو ایم کی جانب سے اتحاد سے نکلنے کے بعد اقلیت میں بدل گئی تھی۔ اس وقت ایم کیو ایم نے عوامی مسائل کے حل میں ناکامی پر احتجاج کیا تھا۔ تاہم پانچ دِن بعد یہ جماعت دوبارہ حکومت میں شامل ہو گئی تھی، جس سے اتحادی حکومت کو پھر سے پارلیمانی اکثریت مل گئی تھی۔ تاہم اس وقت ایم کیو ایم نے وفاقی کابینہ میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

ایم کیو ایم کو قومی اسمبلی میں پچیس نشستیں حاصل ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی نشستیں ایک سو چھبیس ہیں اور اسے اپنی حکومت برقرار رکھنے کے لیے تین سو بیالیس رکنی اسمبلی میں سے ایم کیو ایم اور پی ایم ایل کیو جیسی پارٹیوں کی حمایت درکار ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں