1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایپل کا ٹیبلٹ پی سی منظر عام پر

27 جنوری 2010

بدھ کے روز امریکی ریاست سان فرانسسکو میں ایپل کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں کمپنی کے سربراہ Steve Jobs ٹیبلٹ پی سی متعارف کروا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Lhb4
تصویر: AP

کمپیوٹر کی دنیا میں میکنٹاش اور آئی میک کے ذریعے، میوزک کی دنیا میں آئی پوڈ اور فون کی دنیا میں آئی فون کے ذریعے ہلچل مچانے والی کمپنی ایپل کے جدید کمپیوٹر ٹیبلٹ پی سی کا انتظارکافی عرصے سے کیا جارہا ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ اس نئی پراڈکٹ کو آئی پیڈ یا آئی سلیٹ کا نام دیا جائے گا۔ اس کمپیوٹر کے فنکشنز کے بارے میں بھی طرح طرح کے اندازے لگائے جارہے ہیں مگر ایپل کمپنی کی خاص بات یہ ہے کہ اس نے ابھی تک اس نئے کمپیوٹر کے بارے میں معلومات عام نہیں ہونے دیں۔ اس نئے کمپیوٹر کی تصاویر اور وڈیو حاصل کرنے کے لئے مختلف ویب سائٹس نے انعامی رقم بھی مقرر کی ہے مگر اس کے باوجود بھی کوئی بات حتمی نہیں ہے۔ سیلیکون ویلی کی گوسپ ویب سائٹ ویلی ویگ ڈاٹ کام نے اس نئے ٹیبلٹ پی سی کی مصدقہ تصویر پیش کرنے پر 10 ہزار ڈالر کا انعام رکھا ہے جبکہ ویڈیو مہیا کرنے پر یہ انعام 20 ہزار ڈالر ہے۔

ایپل کمپنی کے ایک اعلیٰ عہدیدار ٹِم کوک نے رابطہ کرنے پر ان ساری پیش گوئیوں پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ اس نئی پراڈکٹ کے متعارف کرانے سے قبل لوگوں میں اس بارے میں موجود سرپرائز کے لطف کو غارت کریں۔

تاہم ٹیکنالوجی میں نئی جدتوں پر نظر رکھنے والے ماہرین کے خیال میں 10 سے 12 انچ سائز کے حامل ٹچ اسکرین، مکمل ملٹی میڈیا اور انٹرنیٹ براؤزنگ کی سہولتوں سے آراستہ اس جدید کمپیوٹر پر نہ صرف اخبارات بلکہ کتابیں بھی پڑھی جاسکیں گی۔ اس کے علاوہ کہیں بھی فلموں کے علاوہ ٹیلیویژن پروگرامز دیکھنے کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

اندازہ ہے کہ ایپل کے اس ٹیبلٹ کمپیوٹر کی قیمت 800 سے 1000 امریکی ڈالرز کے درمیان ہوگی۔

تین برس قبل آئی فون متعارف کرانے کے بعد یہ ٹیبلٹ کمپیوٹر ایپل کی پہلی اہم پراڈکٹ ہے۔ اس لئے اس سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ کی جارہی ہیں۔ کمپیوٹر ماہرین اور استعمال کنندگان کا یہ تجسس بھی بجا ہے کہ ایپل کمپنی کا یہ نیا شاہکار اس سے وابستہ امیدوں پر پورا بھی اترے گا کہ نہیں۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : کشور مصطفیٰ