ایپل کے نئے آئی پیڈ کی تیاری شروع
10 فروری 2011ایپل کے آئی پیڈ کے مقابلے میں کئی معروف کمپنیوں کے گوگل اینڈ رائڈ آپریٹنگ سسٹم کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹرز یا تو متعارف کرائے جا چکے ہیں یا بہت جلد فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے ہیں۔ ان کمپنیوں میں سام سنگ، ڈیل، موٹرولا اور بلیک بیری بنانے والی آسٹریلوی کمپنی ریسرچ ان موشن شامل ہیں۔
امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کا نیا آئی پیڈ فروخت کے لیے کئی ماہ بعد ہی پیش کیا جا سکے گا، تاہم نیکسٹ جنریشن آئی پیڈ کی تیاری کی خبر ہی صارفین کو ایپل کی حریف کمپنیوں کی مصنوعات کی خرید سے باز رکھنے کے لیے کافی ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل نے ایپل کی مصنوعات کے بارے میں آگاہی رکھنے والے ماہرین کے حوالے سے بتایا ہے کہ نیا آئی پیڈ پہلے ماڈل کے مقابلے میں پتلا بھی ہوگا اور اس کا وزن بھی کم ہوگا۔
ویڈیوکانفرنسنگ وغیرہ کے لیے نئے آئی پیڈ کے سامنے کے حصے پر کیمرے کا اضافہ کیا جائے گا، تاہم نئے ورژن کی اسکرین ریزولیوشن میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ وال اسٹریٹ جرنل کی اطلاعات کے مطابق نئے آئی پیڈ میں بہتر اور زیادہ طاقتور پروسیسر نصب ہوگا جب کہ اس کی میموری بھی موجودہ ماڈل سے زائد ہوگی۔ دوسری طرف ان تمام بہتر فیچرز کے باوجود آئی پیڈ ٹو کی قیمت وہی رہے گی یعنی 499 اور 829 ڈالرز کے درمیان۔
ایپل کی جانب سے آئی پیڈ کی فروخت گزشتہ برس یعنی 2010ء کے اپریل میں شروع کی گئی تھی اور اب تک اس کے ایک کروڑ 48 لاکھ یونٹس فروخت ہو چکے ہیں جبکہ رواں برس آئی پیڈ کے 27 ملین سے لے کر 35 ملین یونٹس تک کی فروخت متوقع ہے۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: امجد علی