1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایک روزہ میچ: انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے دی

17 ستمبر 2011

ویلز میں جمعے کے روز کھیلے گئے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچواں ون ڈے میچ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12aqK
تصویر: picture-alliance/empics

انگلینڈ کی جانب سے پہلی بار میدان میں اترنے والے Jonny Bairstow  نے 21 گیندوں پر 41 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ Bairstow نے روی بوپارا کے ساتھ مل کر 40 گیندوں پر ناقابل شکست 75 رنز بنائے۔ روی بوپارا 37 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی طرف سے دیا گیا ہدف انگلینڈ کی ٹیم نے بآسانی عبور کیا اور اس ہدف کو دس گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔ صوفیہ گارڈنز میں کھیلے گئے اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے یہ سیریز تین صفر سے اپنے نام کر لی ہے۔

Cricketspieler Rahul Dravid
راہول ڈراوڈ کا یہ آخری ایک روزہ میچ تھاتصویر: AP

میچ کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں انگلش کپتان الیسٹئرکک نے بیئرسٹو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرکٹ میں کسی کھلاڑی کی اتنی اچھی شروعات کبھی نہیں دیکھی۔ ’’میرے پاس الفاظ نہیں کہ میں جونی کی تعریف کر سکوں۔ انہوں نے اپنا نام بنا لیا ہے۔ یہ ایک ناقابل یقین کارکردگی تھی۔‘‘

بھارتی ٹیم کی اس شکست کا مطلب یہ ہے کہ اپنے اس دورے میں وہ کوئی ایک بھی میچ جیتے بغیر ہی وطن واپس لوٹ رہی ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں بھی وائٹ واش کر دیا تھا جبکہ ٹوئنٹی 20 میچ میں بھی بھارتی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہ میچ بھارتی کھلاڑی راہول ڈراوڈ کا الوداعی میچ بھی تھا۔ ڈراوڈ نے اپنا 344 واں اور آخری میچ کھیلا۔ اس میچ میں انہوں نے 69 رنز اسکور کیے۔ بھارت کی طرف سے سب سے نمایاں بلے باز ورَت کوہلی رہے، جنہوں نے 93 گیندوں پر 107 رنز بنائے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں