1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی فرمانروا گرمیوں کی تعطیلات منانےفرانس میں

کشور مصطفیٰ25 جولائی 2015

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان فرانس کے شہر والورِیس میں سمندر کے کنارے بنے اپنے خاندانی بنگلے میں گرمیوں کی تعطیلات منا رہے ہیں۔ تین ہفتے کی ان تعطیلات کے دوران تقریبا ایک ہزار افراد اُن کے ساتھ ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/1G4fP
تصویر: Reuters/J.-P. Pelissier

والورِیس جنوبی فرانس کا وہی مقام ہے، جہاں اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابقہ سفیر پرنس علی خان نے ہالی وُڈ کی اُس دور کی خوبرو امریکی اداکارہ ریٹا ہے ورتھ کے ساتھ شادی کے بعد قیام کیا تھا۔

ہر کوئی خوش نہیں

والورِیس میں سعودی مہمانوں کی آمد مقامی معیشت کے لیے تو بہت ہی خوش آئند ہے تاہم ان تین ہفتوں کے لیے ساحلِ سمندر کو عام شہریوں کے لیے بند کرنے کے جو احکامات جاری کیے گئے ہیں، اُس پر مقامی شہریوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سعودی شاہی خاندان ان تعطیلات کے دوران نہ صرف پرائیویسی چاہتا ہے بلکہ اُن کی سکیورٹی کے لیے بھی یہ ضروری ہے کہ کوئی بنگلے کے قریب نہ جا سکے۔

König Salman besucht Cote d'Azur Prozest gegen Strandschließung
فرانسیسی عوام اس ساحلی علاقے کو بند کیے جانے پر سخت نالاں ہےتصویر: picture-alliance/dpa/P. Lapoire

ایک ہزار سے زیادہ مقامی شہریوں نے اس بنگلے کے سامنے ساحلی پٹی کو عام افراد کے لیے بند کرنے کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔ اس درخواست پر ایک ہفتے کے اندر اندر ایک لاکھ افراد نے دستخط کر دیے تھے۔ اس درخواست میں درج تھا، ’’ہم اس امر کی یاد دہانی کروانا چاہتے ہیں کہ تمام دیگر عوامی مقامات کی طرح یہ مقام بھی تمام رہائشیوں، سیاحوں، فرانسیسی و غیر ملکی افراد کے لیے یکساں سہولیات کے ساتھ دستیاب ہونا چاہیے۔‘‘ پیٹیشن درج کرنے والوں کا مزید کہنا تھا، ’’ہم حکام سے تمام شہریوں کی برابری کے بنیادی اصول کی ضمانت چاہتے ہیں۔‘‘

Fort de Bregancon
یہ مقام فراانس کے مشہور ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo

خصوصی انتظامات

ہفتے کے روز سے ہی فرانسیسی حکام نے سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے ساحل سمندر تک رسائی بند کر دی اور سمندر کی طرف شاہ سلمان کے ولا کے 300 میٹر سے زیادہ قریب جانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ ساحل سمندر پر ایک سیمنٹ کا پلیٹ فارم بھی تعمیر کیا گیا ہے، جس پر وہ لفٹ نصب کی گئی ہے جس پر سوار ہو کر شاہ سلمان اپنے ولا تک پہنچیں گے۔ مقامی انتظامیہ نے اس پلیٹ فارم کو نصب کرنے پر رضامندی اس شرط پر ظاہر کی کہ سعودی شاہی خاندان کے اس تعطیلاتی دورے کے بعد اسے اس جگہ سے ہٹا دیا جائے گا۔

فرانس کے شہر والورِیس کے میئر نے بھی ملکی صدر فرانسوا اولانڈ کو ایک خط روانہ کیا تھا، جس میں اُس نے سعودی انتظامیہ کی طرف سے اس علاقے میں ایک سیمنٹ کا پلیٹ فارم نصب کرنے کو غیر قانونی اور بلا جواز عمل قرار دیتے ہوئے سخت احتجاج کا اظہار کیا تھا۔