1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی صدر اور جاپانی وزیر اعظم کیشیدا کی مجوزہ ملاقات

4 جنوری 2023

جاپانی وزیر اعظم کا امریکی دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب ہند۔بحرالکاہل خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں اور شمالی کوریا کی جانب سے سکیورٹی خطرات کے تناظر میں جاپان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4LiMU
USA Japan Biden Fumio Kishida Videokonferenz
تصویر: Cabinet Secretariat/Kyodo News via AP/picture alliance

وائٹ ہاوس نے منگل کے روز بتایا کہ امریکی صدر جو بائیڈن 13جنوری کو جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا کی میزبانی کریں گے اور اس موقع پر دونوں رہنما معیشت اور سلامتی کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔

وائٹ ہاوس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنما یوکرین میں روسی فوجی حملہ، ماحولیاتی تبدیلی، آبنائے تائیوان میں استحکام، شمالی کوریا اور ایک آزاد اور کھلے ہند بحرالکاہل جیسے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔

امریکہ اور جنوبی کوریا مشترکہ ایٹمی مشقوں پر بات چیت کر رہے ہیں

 وزیر اعظم کیشیدا کا امریکہ کا یہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب ہند۔بحرالکاہل خطے میں چین کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں اور شمالی کوریا کی جانب سے لاحق سکیورٹی خطرات کے تناظر میں جاپان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں وسیع پیمانے پر توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران اپنی دفاعی پالیسی میں بہت بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ٹوکیو  نے سن 2027 تک اپنے دفاعی اخراجات کو بڑھا کر اپنی جی ڈی پی کا دو فیصد کر دیا ہے۔ اس نے اپنی فوجی کمان کی تنظیم نو اور مزید جدید ترین میزائل صلاحیتیں حاصل کرنے کا عزم بھی کیا ہے۔

شمالی کوریا کے جواب میں اب امریکہ اور جنوبی کوریا نے میزائل فائر کیے

دریں اثنا پیونگ یانگ نے حال ہی میں کئی میزائل تجربات کیے ہیں، جس سے جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

پیونگ یانگ نے حال ہی میں کئی میزائل تجربات کیے ہیں، جس سے جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے
پیونگ یانگ نے حال ہی میں کئی میزائل تجربات کیے ہیں، جس سے جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہےتصویر: KCNA/KNS/STR/AFP

مذاکرات میں اور کس بات پر توجہ دی جائے گی؟

وائٹ ہاوس کی پریس سیکرٹری کیرین ژاں پیئر نے بتایا، ’’صدر بائیڈن جاپان کی طرف سے حال ہی میں جاری کردہ قومی سکیورٹی اسٹریٹیجی، جی سیون کی اس کی صدارت اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک غیر مستقل رکن کے طور پر اس کی مدت کار کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کریں گے۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا کہ "دونوں رہنما امریکہ جاپان اتحاد کی بے مثال طاقت کا جشن منائیں گے اور آنے والے برسوں کے لیے اپنی شراکت داری کا لائحہ عمل طے کریں گے۔"

شمالی کوریا نے جاپان کے اقتصادی زون میں میزائل فائر کر دیا

واشنگٹن کے تھنک ٹینک سینٹر فار اسٹریٹیجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز میں جاپان پروگرام کے سربراہ کرسٹوفر جان اسٹون نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ’’وہ چین سے متعلق اقتصادی سلامتی کے مسائل پر بھی خاصی توجہ مرکوز کریں گے، جس میں سیمی کنڈکٹرز جیسی حساس ٹیکنالوجیز کے لیے برآمدی کنٹرول پر تعاون شامل ہے‘‘

بائیڈن اور کیشیدا اس سے قبل گزشتہ برس کے اواخر میں انڈونیشیا میں جی 20 سربراہی اجلاس میں ملاقات کر چکے ہیں۔

ج ا / ص ز (اے پی، روئٹرز)