باب وولمر کا انتقال ، پاکستانی شائقین غم زدہ
19 مارچ 2007ہفتے کے روز عالمی کپ میں انتہائی کمزور تصور کی جانے والی آئر لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس حیران کن شکست کے فورا بعد ہی ناراض شائقین کرکٹ کھلاڑیوں کے پتلے جلانے میں مصروف ہو گئے اور اپنے کرکٹ ہیروز کی ناقص کارکردگی پر اپنا شدید ردعمل ظاہر کر رہے تھے۔ اتوار کی صبح جب شائقین کرکٹ کوچ باب وولمر کو بےہوشی کی حالت میں ہسپتال میں لے جانے اور بعد میں ان کی انتقال کی خبر ملی تو ناراض مداحوں کی آنکھیں پر نم ہو گئیں ۔
باب وولمر کی وفات پر تمام کھلاڑیوں نے اپنے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستانی صدرپرویز مشرف اور وزیراعظم شوکت عزیز نے بھی اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں وولمر کی اچانک موت پر تعزیت کی۔
باب وولمر دس ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم کے کوچ رہے ۔ ان دس میں سے پاکستانی ٹیم نے چار میں فتح ، تین میں شکست اور تین ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔ ان کی کوچنگ میں ٹیم نے 37 ون ڈے میچز جتے ، 29 ہارے اور تین ڈرا کئے۔