1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بابا فرید شکر گنج کے مزار پر دھماکہ، کم از کم چھ افراد ہلاک

25 اکتوبر 2010

پاکستانی شہر پاکپتن میں ایک مزار پر ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ وہاں یہ دھماکہ پیر کی صبح ہوا، جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Pmf2
تصویر: DW-Montage

یہ دھماکہ صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں بابا فرید شکر گنج کے مزار پر فجر کی نماز کے وقت ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکے کا مقام مزار کا مشرقی دروازہ تھا۔ اس وقت وہاں تقریباﹰ ایک سو افراد موجود تھے۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے عینی شاہدوں کے حوالے سے بتایا کہ بم ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا۔

دوسری جانب خبررساں ادارے اے ایف پی نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا کہ دو افراد موٹر سائیکل پر آئے اور مزار کے دروازے پر دودھ کا ایک کنٹینر چھوڑ گئے، جو بعدازاں دھماکے سے پھٹ گیا۔

دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں وہاں پہنچ گئیں جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

خیال رہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے اور اس کی افواج اپنے قبائلی علاقوں میں بھی مقامی انتہاپسندوں کے خلاف کارروائیاں کرتی رہتی ہیں۔ شدت پسند پاکستان کے مختلف شہروں میں حملوں میں ملوث ہیں اور گزشتہ کچھ عرصے سے مزاروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حال ہی میں کراچی میں بھی عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر خود کش حملے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

پاکستانی طالبان بیشتر حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں