بافٹا ایوارڈز: بہترین فلم آرگو
11 فروری 2013بافٹا ایوارڈز ہر سال برٹش اکیڈیمی آف فلم اینڈ آرٹس کی جانب سے تقسیم کیے جاتے ہیں۔ یہ ایوارڈز عام طور پر بافٹار ایوارڈز کے نام سے مشہور ہیں۔ ان ایوارڈز کو آسکر ایوارڈ کی جانب پہلی منزل قرار دیا جاتا ہے۔ ناقدین کے مطابق، گولڈن گلوب، گِلڈ ایوارڈز اور بافٹا ایوارڈز کی تقسیم سے آسکر ایوارڈز کے حوالے سے شائقین کو رائے قائم کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔ ترتیب کے اعتبار سے یہ 67 ویں تقریبِ ایوارڈز تھی۔ ایوارڈز کی تقریب کو بین الاقوامی فلم ورلڈ کے فنکاروں کا جھرمٹ قرار دیا گیا۔
سن 2012 میں جن فلموں کو اہم خیال کیا گیا، ان میں آرگو، لِنکن، اسکائی فال، لا میزاربل اور آمور شامل ہیں۔ اب تک جتنے بھی ایوارڈز تقسیم ہوئے ہیں ان میں امریکی اداکار بین ایفلیک کی فلم آرگو کو بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ آرگو فلم کو لِنکن اور لا میزرابل نامی فلموں کی جانب سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ آرگو فلم اُس مشن سے متعلق ہے، جس کے تحت تہران میں امریکی سفارت خانے پر اسلامی انقلاب کے موقع پر ایرانی انتہا پسندوں کے قبضے کے بعد چھ سفارتکار فرار ہوئے اور پھر امریکی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ کے ذریعے انہوں نے ایران سے نکلنے کی کوشش کی۔
آرگو کو رواں برس تقسیم ہونے والے آسکر ایوارڈز میں بھی بہترین فلم کیٹیگری میں نامزدگی حاصل ہے۔ اب تک یہ فلم گولڈن گلوب، گلڈ ایوارڈ اور بافٹا ایوارڈ سمیت چھ مختلف اہم ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ اس فلم میں ہدایتکار و اداکار بین ایفلیک نے سی آئی اے کے ایجنٹ ٹونی مینڈیز کا کردار ادا کیا ہے۔ بافٹا ایوارڈز میں آرگو کو تین ایوارڈز سے نوازا گیا۔ لامیزرابل کو مختلف کیٹیگریوں میں چار ایوارڈز دیے گئے۔ اسکائی فال کو کُل دو ایوارڈز حاصل ہوئے۔
لندن منعقدہ تقریب میں بافٹا ایوارڈز میں بہترین اداکار کا ایوارڈ اسٹیون اسپیل برگ کی فلم لنکن کے مرکزی اداکار ڈینئیل ڈے لیوس کو دیا گیا۔ اسی ایوارڈز کی تقریب میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ 85 سالہ فرانسیسی اداکارہ عمانویلا ریوا کو فلم آمور میں مرکزی کردار پر دیا گیا ہے۔ بہترین برٹش فلم کا ایوارڈ جیمز بانڈ سیریز کی گزشتہ سال ریلیز ہونے والی فلم اسکائی فال کو دیا گیا۔ میوزیکل فلم لا میزرابل میں این ہیتھاوے کو بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ کرسٹوف والز کو دیا گیا۔
(ah/ng(AFP