بالی ووڈ سٹار سوشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی
14 جون 2020بھارتی میڈیا کے مطابق سوشانت کی لاش ممبئی میں باندرہ کے علاقے میں ان کی رہائش گاہ سے ملی، جہاں وہ اکیلے رہ رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق اس چونتیس سالہ اداکار کے گھریلو ملازم نے پولیس کو ان کی گھر میں لٹکتی ہوئی لاش کے بارے میں مطلع کیا تھا۔
شہرت کا سفر
بھارتی شہر پٹنہ میں جنوری سن 1986 میں پیدا ہونے والے سوشانت سنگھ راجپوت نے انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی تھی اور انہوں نے فزکس میں قومی ایوارڈ بھی جیتا تھا۔ بعد میں انہوں نے اداکاری کی طرف رخ کیا اور اپنے کیریئر کا آغاز ٹی وی سے کیا تھا۔
مختلف سوپ اوپراز میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد انہوں نے 2013 میں اپنا فلمی سفر 'کائے پو چھ‘ نامی فلم سے شروع کیا، جسے ناقدین کی طرف سے کافی پذیرائی حاصل ہوئی۔
عامر خان کی فلم 'پی کے‘ میں بھی انہوں نے ایک پاکستانی لڑکے کا کردار ادا کیا تھا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم 'ایم ایس دھونی، دی ان ٹولڈ سٹوری‘ میں سوشانت سنگھ راجپوت نے ہی دھونی کا کردار ادا کیا تھا۔
بھارت غمگین
سوشانت کے مرنے کی خبر سامنے آتے ہی بھارتی سوشل میڈیا پر ان کے مداح اور ساتھی اداکار دکھ اور غم کا اظہار کر رہے ہیں۔
معروف اداکار اکشے کمار نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا، ''اس خبر نے مجھے صدمہ زدہ اور گونگا کر دیا ہے۔۔۔ مجھے یاد پڑتا ہے کہ جب میں نے فلم چھچھورے میں سوشانت کی اداکاری دیکھی تو میں نے اپنے دوست اور پروڈیوسر ساجد سے کہا کہ مجھے بہت لطف آیا اور میری خواہش ہے کہ کاش اس فلم میں میں بھی ہوتا۔ سوشانت بہت ہی باصلاحیت اداکار تھا۔ خدا اس کے خاندان کو یہ دکھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔‘‘
بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستانی اداکار بھی سوشانت کے اچانک مرنے کی خبر پر رنج کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
پاکستانی صحافی سلیم خالق نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا، ’’دھونی کا کردار ادا کرنے والے بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی خبر شاکنگ ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کامیاب کیریئر اور پیسہ ہونے کے باوجود ذہنی مسائل کسی انسان کو اس موڑ پر بھی لے جاتے ہیں، جہاں وہ اپنی جان لینے سے بھی گریز نہیں کرتا۔ ڈپریشن بھی کسی جان لیوا بیماری سے کم نہیں۔‘‘