1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی وُڈ 2010: بڑے بجٹ بڑے نام، سب ناکام

29 دسمبر 2010

بالی وُڈ کے لئے سال 2010 بڑے بجٹ اور نامور اداکاروں کی فلموں کے باوجود ناکام ثابت ہوا۔ تاہم فلمی تجزیہ کاروں نے اس سال بھارتی سینمابینوں کے بدلتے رجحان کو مد نظر رکھنے والے نئے ہدایت کاروں کی آمد کو مثبت قرار دیا۔

https://p.dw.com/p/zqk0

بھارت کی مشہور ہندی فلمی صنعت اس سال توقع کر رہی تھی کہ سال 2009ء میں درپیش عالمی معاشی بحران، پروڈیوسروں کی ہڑتال اور سوائن فلو کے خطرے کے سبب فلمی آمدنی میں کمی کے بعد سال 2010ء کامیابیوں کا سال ثابت ہو گا۔ تاہم رواں سال چند ہی بڑی فلمیں کامیابی حاصل کر سکیں۔ دوسری جانب دیکھا جائے تو اس سال زیادہ تر کامیابیاں چھوٹے پروڈکشن ہاؤسز کی تخلیقی سکرپٹ اور کم بجٹ کی حامل فلموں کےنوجوان ہدایت کاروں اور نسبتاﹰ غیر معروف اداکاروں کے حصے میں آئیں۔

بالی وُڈ کے تجزیہ کار ونود میرانی کے مطابق زیادہ تر فلموں کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ فلم بینوں کی جانب سےان کے اسکرپٹ اور کہانیوں کو مسترد کر دیا جانا ہے۔

Mexico Schauspielerin Barbara Mori
رواں سال کی ناکام ترین فلوں میں"کائٹس" سر فہرست رہیتصویر: AP

اس سال جو فلمیں بری طرح ناکام رہیں ان میں سر فہرست معروف اداکار ریتک روشن اور ہسپانوی اداکارہ باربرا موری کی رومانوی فلم "کائٹس" اور معروف فلمی جوڑی ایشوریا رائے اور ابھیشک بچن کی فلم "راون" رہیں۔ اس کے علاوہ ابھیشک بچن اور دیپیکا پڈوکون کی برطانوی نو آبادکاری کے دور پر فلمائی گئی"کھیلیں گے جی جان سے" اور ریتک روشن اور ایشوریا رائے کی فلم "گزارش" بھی بڑے فلمی ستاروں کی موجودگی کے باوجود ناکام رہی۔ اسی طرح سلمان خان کی فلم "ویر"، سنجے دت کی مزاحیہ فلم " نو پرابلم" اور اکشے کمار ، ایشوریا رائے کی "ایکشن ری پلے" بھی فلم بینوں کے دل میں جگہ نہیں بنا پائیں اور باکس آفس پر بری طرح ناکام رہیں۔

اگر بات کی جائے رواں سال کی کامیاب ترین فلموں کی تو ان میں سلمان خان کی رومانوی ایکشن فلم "دبنگ" اور اجے دیوگن کی فلمیں "گول مال 3 " اور "Once upon a time in Mumbai” شامل ہیں ۔اس کے علاوہ سیاست کے موضوع پر بنائی گئی فلم " راج نیتی" ، مزاحیہ رومانوی فلم " I Hate Luv Storys" اور " ہاؤس فُل" بھی باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔

Flash-Galerie Salman Khan
سلمان خان کی "دبنگ" فلم بینوں میں نہایت پسند کی گئیتصویر: AP

جنوبی بھارت کے مشہور ترین ستارے رجنی کانت کی سائنس فکشن " Endhiran " اور شاہ رخ خان کی " مائی نیم از خان" نے بھی بے انتہا کامیابیاں سمیٹیں۔ اسی طرح عامر خان کی دیہی اور شہری زندگی کی عکاسی کرتی ہوئی طنزیہ پیشکش " پیپلی لائیو" ، دنیا کے سب سے مطلوب شخص کے ہم شکل کی روداد پر مبنی مزاحیہ فلم "تیرے بن لادن" اور امریکی صدر باراک اوباما کی بھارت آمد سے قبل پیش کی جانے والی مزاحیہ فلم "پھنس گیا رے اوباما" نے بھی فلم بینوں کی پسندیدگی کی سند حاصل کی۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا میں فلمی ناقد نکہت کاظمی کہتی ہیں کہ ان کے لئے اس سال کم بجٹ کی چھوٹی فلموں کی کامیابی خوشگوار اور حیرت انگیز ہے۔ ان کے مطابق اس سال ان فلموں کی کامیابیوں کی اصل وجہ بڑے اداکاروں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے فلم کی کہانی کو بہتر اسلوب کے ساتھ پیش کرنا ہے۔

گوکہ فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اس سال بالی وڈ سمیت باقی بھارتی فلمیں کُل کتنی ناکام ہوئی ہیں اور فلمی صنعت کو کتنا مالی نقصان ہوا ہے، لیکن امکان یہ ہی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ باکس آفس پر ناکام ہونے والی فلموں کے اسکرپٹ کے معیار کے حوالے سے سوال ضرور اٹھائے جائیں گے۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں