1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بان کی مون کا سیلابی علاقوں کا دورہ

15 اگست 2010

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ وہ سیلاب زدگان سے ہمدردی اور اظہار یک جہتی کے لئے پاکستان کے دورے پر آئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Oo82
بان کی مون کا اقوام متحدہ کا سیکرٹری جنرل بننے کے بعد یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہےتصویر: AP

اتوار کے روز اسلام آباد پہنچنے کے بعد چکلالہ ایئر بیس پر زرائع ابلاغ کے نمائندوں سےگفتگو کرتے ہوئے بان کی مون نے کہا کہ وہ سیلاب زدہ علاقو ں کا دورہ کرکہ متاثرین کی تکالیف کا خود مشاہدہ کریں گے اور بین الاقوامی برادری پر زور دیں گے کہ وہ پاکستان کو امداد دینے کا عمل تیز کرے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال جاننے کے بعد یہ معاملہ اس ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اٹھائیں گے اور کوشش کی جائے گی کہ سیلاب زدگان کی امداد کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

Pakistan Besuch Ban Ki-moon
بان کی مون بین الاقوامی برادری پر زور دیں گے کہ وہ پاکستان کو امداد دینے کا عمل تیز کرےتصویر: AP

بان کی مون نے کہا کہ آزمائش اور مصیبت کی اس گھڑی میں پوری دنیا پاکستان کے ساتھ ہے اور انہیں یقین ہے کہ پاکستا نی حکومت اور عوام ہمت اور جراءت کے ساتھ مسائل پر قابو پا کر ایک بہتر مسقبل کی تعمیر کریں گے۔

بان کی مون کا اقوام متحدہ کا سیکریٹری جنرل بننے کے بعد یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے جب کہ ملک میں گزشتہ ماہ شروع ہونے والی مون سون کی بارشوں اور ان کے نتیجے میں سیلابوں سے ہونے والی شدید تباہی کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی اہم غیر ملکی شخصیت ہیں۔

بان کی مون نے پاکستانی وزیر اعظم یو سف رضا گیلانی سے بھی ملاقات کی۔اس ملاقات کے بعد جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو حالیہ سیلابوں سے ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کو فوری طور پرعارضی رہایش گاہیں ،خوراک ادویات ،پینے کا صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی سہولیات کی فوری ضرورت ہے۔پاکستانی وزیر اعظم نے کہاکہ اسوقت حکومت کے سامنے وبائی امراض کو روکنے اور متاثرین کی بحالی کے دو بڑے چیلنج ہیں۔

دریں اثناء بان کی مون نے پاکستانی صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی ۔دونوں راہنما اس ملاقا ت کے بعد ہیلی کا پٹر کے زریعے سیلاب سے متاثر ہ مختلف علاقو ں کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔

متاثر ہ علاقو ں کے دور ے کے بعد بان کی مون اور صدر زرداری اتوار کی شام ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔جس کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل دورہ پاکستان مکمل کر کہ واپس روانہ ہو جائیں گے۔

رپورٹ :شکور رحیم ،اسلام آباد

ادارت :عصمت جبیں