1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بحالیِ عدلیہ تحریک: نجی ٹی وی چینل کی بندش کے خلاف مظاہرہ

رفعت سعید، کراچی15 مارچ 2009

پاکستان کے نجی ٹیلی ویژن چینل جیو کی بندش کے خلاف کراچی میں ایک احتجاجی ریلی منعقد ہوئی جس میں جیو ٹی وی کے ملازمین، سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوںکے رہنمائوں اور کارکنوں نے میں شرکت کی۔

https://p.dw.com/p/HCPo
وکلاء کے ساتھ ساتھ بحالیِ عدلیہ کی تحریک میں پاکستانی زرائع ابلاغ بھی پیش پیش رہے ہیںتصویر: AP

شرکاء ئے آزاد عدلیہ اور آزادئ صحافت کے حق میں نعرے لگائےـ

حکومتی اقدامات کے خلاف ہونے والے مارچ کے شرکاء وزیراعلیٰ ہائوس تک گئے جہاں جیو ٹی وی کے سربراہ عمران اسلم نے خطاب کرتے ہوئے پیمرا ترمیمی آرڈیننس کے خاتمے کا مطالبہ کیا اور میڈیا کے خلاف کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیرقانونی اور غیر آئینی قرار دیاـ

Polizisten verhaften einen Anwalt in Lahore, Pakistan
مبصرین کے مطابق وکلاء تحریک کی آزادانہ رپورٹنگ کرنے پر پاکستانی زرائع ابلاغ پر قدغن لگائی جا رہی ہےتصویر: AP

حکومت کا کہنا ہے کہ جیو ٹی وی کی نشریات بند نہیں کی گئی بلکہ صرف کیبل آپریٹرز نے چینلوں کے نمبروں کی ترتیب تبدیل کی ہے۔ ان حلقوںکا یہ بھی کہنا ہے کہ جیو ٹی وی کی انتظامیہ غلط بیانی سے کام لے کر سستی شہرت حاصل کرناچاہتی ہےـ

کراچی یونین آف جرنلسٹ اور کراچی پریس کلب کے ممبران نے جیو ٹی وی کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ ان کی مرکزی تنظیم پاکستان فیڈریل یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے انہیں مظاہرے میں شرکت کے حوالے سے کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ پریس کلب میں موجود بیشتر صحافیوںکا کہنا تھا کہ جیو ٹی وی اور جنگ گروپ دیگر چینلز اور اخبارات کو درپیش مشکلات اور مسائل میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرتا رہا ہے، جس کی وجہ سے اب جنگ گروپ سے تعاون کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے ازسرنو غور کیا جا رہا ہےـ

Sherry Rehmann, pakistanische Informationsministerin
شیری رحمان وزیرِ اطلاعات کے عہدے سے مستعفی ہوگئی ہیںتصویر: AP

دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر جسٹس ریٹائرڈ رشید اے رضوی اورسپریم کورٹ بار کے سابق صدر منیر ملک کو انتظامیہ نے کراچی سے اسلام آباد سے جاتے ہوئے جہاز میں بیٹھنے کے بعد آف لوڈ کر دیا، جہاز سے اتارے جانے کے بعد ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر جسٹس رشید اے رضوی نے کہا کہ حکومت ایک جانب مفاہمت اور مذاکرات کی بات کر رہی ہے اور دوسری جانب سینکڑوں وکلاء ، سول سوسائٹی کے ارکان اور سیاسی جماعتوں کے حامیوں کو گرفتار کر کے مقدمات قائم کئے جا رہے ہیں، ایسے میں مفاہمت کی بات حکومت کی منافقت ہے۔ رشید اے رضوی نے کہا کہ دھرنے کا عمل مسلسل جاری رہے گا، جب بھی رکاوٹیں اور پابندیاں ہٹیں وہ اور ان کے ساتھی دھرنے کے لئے اسلام آباد جائیں گےـ

ایوان صدر کی جانب سے مفاہمانہ رویہ سامنے آنے کے باوجود مسلم لیگ ن اور وکلاء تنظیموںنے دھرنے کے آغاز کے لئے اپنی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ بظاہر حکومت لانگ مارچ کے حوالے سے دبائو کا شکار نظر آتی ہے۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ ایوان صدر کی جانب سے مفاہمت اور دوبارہ مذاکرات کی پیشکش دراصل امریکی وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن اور فوج کے سربراہ جرنل اشفاق پرویز کیانی کی کوششوں اور دبائو کا نتیجہ ہے جو وہ کئی روز سے کر رہے تھے۔