1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستبرازیل

برازیل میں مسلح  افواج کے تینوں سربراہان مستعٰفی ہو گئے

31 مارچ 2021

برازیل میں فوجی اقتدار کے خاتمے کے چھتیس برس بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ مسلح افواج کے تینوں سربراہان نے صدر کے ساتھ اختلافات کے باعث یوں ایک ساتھ استعفے دے دیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3rQDM
Brasilien: Präsident Jair Bolsonaro und das Militär
تصویر: Getty Images/AFP/F. Souza

منگل کو برازیل کے محکمہ دفاع نے مسلح  افواج کے تینوں سربراہان کے استعفو‌ں کی تصدیق کی لیکن اس پیش رفت کی کوئی وجہ بیان نہیں کی اور نہ ہی نئی نامزدگیوں کا اعلان کیا۔

برازیل میں صدر جیئر بولسونارو کورونا وبا اور اپنی طرز حکمرانی کی وجہ سے سخت تنقید کی زد میں ہیں۔ حالیہ دنوں نے ان کے وزیر دفاع اور وزیر خارجہ نے بھی اپنے عہدوں سے استعفے دے دیے تھے، جس کے بعد صدر بولسونارو کو کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرنا پڑی۔

Brasilien | Coronavirus | Jair Bolsonaro
تصویر: Eraldo Peres/AP Photo/picture alliance

ناقدین کا الزام ہے کہ وہ اہم حکومتی عہدوں پر من پسند تعیناتیاں کرنے کے ساتھ ساتھ ملٹری پر بھی اپنی گرفت مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

صدر بولسونارو خود آرمی میں کیپٹن رہ چکے ہیں اور اکثر سابقہ فوجی ادوار کی تعریف کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی کابینہ کے اہم عہدوں پر کئی موجودہ اور سابقہ فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔

 فوج اور سیاست   

برازیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے سربراہان نے استعفوں کا فیصلہ صدر بولسونارو کی طرف سے نئے وزیر دفاع سے ملاقات کے بعد کیا۔

Waffen brasilianischer Hersteller Taurus
تصویر: picture-alliance/AP Photo/L. Correa

نئے وزیر دفاع جنرل والٹر سوزا براگانیٹو کی سوچ صدر بولسونارو سے ملتی ہے۔ اپنے پہلے بیان میں انہوں نے سن انیس سو چونسٹھ سے لے کر انیس سو پچاسی تک ملک میں قائم فوجی آمریت کی تعریف کی۔ اس دور میں برازیل میں ہزاروں شہریوں کو تشدد اور موت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بعض ذرائع کے مطابق مستعفی ہونے والے عسکری کمانڈر فوج کو سیاست سے الگ رکھنے پر قائل تھے اور آمریت کی تعریف کر کے نئے وزیر دفاع نے ان کا حکومت کے ساتھ چلنا مشکل کر دیا تھا۔

Tableau | Coronavirus Brasilien | 25.03.21
تصویر: Buda Mendes/Getty Images

 طرز حکمرانی پر سوالات

انتہائی دائیں بازو کے نظریات کے حامل صدر بولسونارو کو اقتدار سنبھالے ہوئے دو سال ہو چکے ہیں۔ اس دوران ان کے جمہوریت مخالف طرز حکمرانی پر مسلسل سوالات اٹھتے رہے ہیں۔

کورونا وبا کے دوران وہ ملک کے طبی ماہرین اور محکمہ صحت کی تجاویز کو نظرانداز کرکے پابندیوں کی مخالفت کرتے رہے۔ مخالفین کے بقول حکومت نے وبا کو سنجیدگی سے نہیں لیا، جس کے باعث برازیل میں کیسز کی تعداد بے پناہ بڑھ گئی۔

برازیل میں اب تک کورونا سے تین لاکھ چودہ ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ منگل کو ملک میں کورونا وائرس کے تقریبا چار ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔

Tableau | Coronavirus Brasilien | 25.03.21
تصویر: Miguel Schincariol/AFP/Getty Images

ش ج، ا ا (اے پی)