برسلز میں خود کُش بم دھماکے
بیلجیم کے دارالحکومت برسلز کے ایئرپورٹ اور سب وے میں کیے گئے بم دھماکوں کے نتیجے میں اب تک 28 افراد کے ہلاک اور درجنوں کے شدید زخمی ہو جانے کی اطلاع ہے۔ تیرہ افراد ہوائی اڈے پر اور پندرہ میٹرو اسٹیشن پر ہلاک ہوئے۔
ویران سڑکوں پر پولیس کے سپاہی
ان دھماکوں کے بعد برسلز بھر میں پہلے سے موجود حفاظتی انتظامات کو مزید سخت بنا دیا گیا ہے اور شہر بھر کی سڑکوں پر پولیس کے سپاہی گشت کر رہے ہیں۔
طاقتور دھماکوں نے شیشے چکنا چور کر دیے
یہ منظر برسلز ایئرپورٹ پر دھماکوں کے فوراً بعد کا ہے۔ لوگ تیزی کے ساتھ ہوائی اڈے کی عمارت سے دور جا رہے ہیں۔ پس منظر میں ہوائی اڈے کی عمارت کی بڑی بڑی کھڑکیوں کے ٹوٹے ہوئے شیشے نظر آ رہے ہیں۔
امدادی ٹیمیں سرگرم
ان دھماکوں میں متعدد افراد ہلاک جبکہ درجنوں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اس تصویر میں امدادی ٹیمیں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں مصروف نظر آ رہی ہیں۔ دریں اثناء اس امر کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ ہوائی اڈے کو ایک خود کُش کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔
مسافروں کا انخلاء
دھماکوں کے فوراً بعد مسافر افراتفری میں ایئرپورٹ سے بھاگ نکلے۔ برسلز سے روانہ ہونے والی تمام پروازوں کی منسوخی کے بعد مسافر واپس اپنے اپنے گھروں کو جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ برسلز پہنچنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے اور ان میں سے کئی پروازیں جرمن ہوائی اڈوں کولون اور فرینکفرٹ پر اتاری جا رہی ہیں۔
انخلاء اور بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں
دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیموں کی نگرانی میں ایئر پورٹ کی عمارت میں موجود تمام افراد کو باہر نکال لیا گیا۔ ابھی ان دھماکوں کا پس منظر پوری طرح واضح نہیں ہو سکا تاہم میڈیا رپورٹوں کے مطابق دھماکوں سے پہلے فائرنگ کی بھی آوازیں سنی گئی تھیں۔
یورپی ہوائی اڈوں پر خوف کے سائے
برسلز ایئر پورٹ پر دھماکوں اور ہلاکتوں کے بعد یورپ بھر میں ہوائی اڈوں اور مرکزی ریلوے اسٹیشنوں پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ عالمی رہنماؤں نے ان دھماکوں کو ’وحشیانہ‘ قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے۔ اس تصویر میں مسافروں کی ایک بڑی تعداد برسلز ایئر پورٹ سے باہر آتی دکھائی دے رہی ہے۔
طاقتور دھماکے
بعض خبروں کے مطابق دھماکے اتنے طاقتور تھے کہ ڈیپارچر لاؤنج کی چھت پر لگے پینلز نیچے فرش پر آ کر گرے۔ دھماکوں کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ کچھ دیگر میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ دھماکے ایئر پورٹ کی ڈیوٹی فری شاپ کے پاس ہوئے۔
تباہی ہی تباہی
تاحال پوری صورتِ حال واضح نہیں ہوئی ہے تاہم یہ دھماکے دہشت گردوں کی کارروائی معلوم ہوتے ہیں۔ ان دھماکوں سے چند ہی روز پہلے پولیس نے برسلز میں ایک ڈرامائی کارروائی کرتے ہوئے نومبر کے پیرس حملوں کے مرکزی ملزم صالح عبدالسلام کو گرفتار کر لیا تھا۔
میٹرو بھی نشانے پر
اس تصویر میں برسلز میں یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹر کے قریب واقع مالبیک ریلوے اسٹیشن کے داخلی دروازے سے باہر نکلتا دھواں دیکھا جا سکتا ہے۔ بیلجیم کے نشریاتی ادارے وی آر ٹی کے مطابق اس سب وے اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں پندرہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دہشت گردی کا خطرہ بلند ترین سطح پر
برسلز ایئر پورٹ اور سب وے کے دھماکوں کے بعد ملک میں دہشت گردی کا خطرہ بلند ترین سطح پر کر دیا گیا ہے۔ اب خطرے کا درجہ تین سے بڑھا کر چار کر دیا گیا ہے جو بلند ترین درجہ ہے۔ بیلجیم کے وزیر اعظم نے ان دھماکوں کو دہشت گردوں کی جانب سے ایک ’بزدلانہ کارروائی‘ قرار دیا ہے۔