1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برسلز میں یورپی یونین کے سربراہان مملکت و حکومت کا اجلاس

زبیر بشیر24 اکتوبر 2013

آج برسلز میں یورپی یونین کے سربراہانِ مملکت و حکومت کا ایک اہم اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں یورپ میں غیر قانونی تارکین وطن کی آمد اور امریکا کی جانب سے مبینہ جاسوسی اور بینکنگ یونین کی تکمیل اہم موضوعات ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/1A5OF
تصویر: Reuters

سرکاری طور پر جاری کیے گئے ایجنڈے کے مطابق اس میٹنگ کے اہم موضوعات میں روزگار کے مواقوں میں اضافہ، ڈیجیٹل معیشت کی بہتری اور ڈیٹا پرائیویسی شامل ہیں۔

یورپی سربراہان مملکت و حکومت کا یہ اجلاس ایک نہایت اہم وقت میں منعقد ہو رہا ہے۔ اِس وقت خطے میں غیر قانونی تارکین وطن کی آمد میں اضافے اور ان کو آئے دن پیش آنے والے حادثات نے اس حوالے سے تحفظات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

اٹلی کے جزیرے لامپے ڈوسا پہنچنے کی کوشش میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی کی تباہی اور اس کے نتیجے میں سینکڑوں ہلاکتوں نے لوگوں کو اس حوالے سے سنجیدگی سے سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ تین اکتوبر کو پیش آنے والے اس حادثے میں 364 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Symbolbild NSA Überwachung
اس اجلاس میں امریکا کی جانب سے مبینہ جاسوسی کے تناظر میں ڈیٹا پرائیویسی کا مسئلہ اٹھایا جائے گاتصویر: imago/Roland Mühlanger

ابھی ان خبروں کی سیاہی بھی خشک نہ ہو پائی تھی کہ امریکا کی جانب سے خطے کے کئی ممالک کی مبینہ جاسوسی کے انکشافات نے لوگوں کو چونکا کر رکھ دیا۔ توقع کی جارہی ہے کہ آج ہونے والے اس اجلاس میں یہ موضوع بھی مرکزی اہمیت کا ہوگا۔

جاسوسی کے ان الزامات کی بنیاد وہ رپورٹیں تھیں، جو اس ہفتے کی ابتدا میں شائع ہوئیں۔ ان رپورٹوں کے مطابق واشنگٹن حکومت نے فرانس میں لاکھوں کی تعداد میں ٹیلی فون کالز کی نگرانی کی ہے۔ اس اجلاس میں برسلز پر یہ دباؤ ہو گا کہ وہ یورپی یونین میں لوگوں کی ذاتی زندگی کو اس طرح کی جاسوسی سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ لاراں فابیوس کے مطابق صدر فرانسواں اولانڈ ڈیٹا پرائیویسی کا مسئلہ اٹھائیں گے: ’’لوگوں کے ذاتی ڈیٹا کو محفوط بنائے بغیر یہ ممکن نہیں ہے کہ (یورپ کو) حقیقی معنوں میں ڈیجیٹل دنیا کا حصہ بنا سکیں۔‘‘

Italien Flüchtlingsdrama Lampedusa Flüchtlingsboot
حالیہ دنوں میں پناہ کی تلاش میں یورپ آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہےتصویر: picture-alliance/ROPI

دوسری طرف اٹلی، یونان، مالٹا، قبرص اور اسپین کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کی یورپ آمد کا مسئلہ اٹھایا جائے گا۔ یورپ کی تباہ حال یہ جنوبی معیشتیں اس وقت حوالے سے بھی مشکلات کا شکار ہیں۔

حالیہ دنوں میں شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ سے پناہ کی تلاش میں یورپ آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ان یورپی ممالک کا خیال ہے کہ انہیں اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔ اٹلی کے وزیر اعظم انریکولیٹا پہلے ہی یورپی رہنماؤں کو یورپی پانیوں کی نگرانی سخت کرنے کے حوالے سے کہہ چکے ہیں۔

یورپی یونین کے سربراہانِ مملکت و حکومت کا آج شروع ہونے والا یہ اجلاس دو روز تک جاری رہے گا۔