برطانوی شہزادے کی شادی: تمام دنیا تماشائی
29 اپریل 2011ان انوکھے لمحات میں شرکت کے لیے ہزاروں شائقین صبح سویرے ہی سے لندن کے قلب میں جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔ شہزادہ ولیم آنجہانی شہزادی ڈیانا اور ولی عہد چارلس کے بڑے بیٹے ہیں اور اُنہیں برطانوی عوام کے ساتھ ساتھ تمام دنیا دُہری محبت اور عقیدت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پرنس ولیم کی شادی کی تقریب برطانوی شاہی آداب کے تحت منائی جا رہی ہے۔ کلیسائی روایات کے مطابق تقریب عقد کا انعقاد گرجا گھر میں ہو رہا ہے، جس کے ارد گرد ہزاروں افراد جمع ہیں۔
شہزادہ ولیم جس وقت لیموزین میں سوار ویسٹ منسٹر ایبے کی طرف بڑھ رہے تھے اُس وقت ایک طرف دنیا بھر کے شائقین ٹیلی وژن نشریات کے ذریعے برطانوی شاہی شان و شوکت اور گلیمر کی چکا چوند سے لُطف اندوز ہورہے تھے دوسری جانب لاکھوں افراد طلسماتی کہانیوں کے کرداروں کی سی حیثیت رکھنے والے دلہا اور دلہن کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بیتاب لندن کی سڑکوں پر کھڑے تھے۔
پرنس ولیم اور کیتھرین میڈلٹن کی شادی کی تقریب گزشتہ 30 برسوں میں برطانیہ کے شاہی خاندان کی سب سے بڑی اور پُر تعیش تقریب ہے۔ اس تقریب میں برطانیہ کے شاہی خاندان کے پچاس افراد سمیت دنیا بھر کے شاہی خاندانوں کے درجنوں افراد شریک ہیں۔ اس کے علاوہ عالمی شہرت کی حامل متعدد معروف شخصیات مثلاً فٹ بال کھلاڑی ڈیوڈ بیکہم، معروف انگریز گلوکار ایلٹن جان، اداکار رووان ایٹکنسن بھی ان تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔
1981 ء میں شہزادہ ولیم کی آنجہانی والدہ ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی شادی جس شان و شوکت اور مسحورکُن تقریبات کے انعقاد کے ساتھ ہوئی تھی اُس کی یادیں ابھی تک لوگوں کے اذہان میں تازہ ہیں۔ ولیم اور کیتھرین میڈلٹن کی شادی اُسی ماحول اور اُسی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ تاہم 1997 ء میں پیرس میں ایک کار حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والی شہزادی ڈیانا کی کمی ہر لمحے محسوس کی جا رہی ہے۔ اُن کے پرستاروں کی ایک بڑی تعداد آج بھی نم دیدہ ہو کر انہیں یاد کر رہی ہے۔ شہزادہ چارلس کے مرکزی ترجمان پیڈی ہیریسن نے ایک بیان میں کہا ’ ڈیانا ہمیشہ ولیم کے خیالات میں اُن کے ساتھ رہتی ہیں‘۔
رپورٹ: کشور مصطفیٰ
ادارت: مقبول ملک