1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی فوج کی افغانستان سے واپسی کا منصوبہ

19 جولائی 2010

برطانوی وزیر دفاع لیام فوکس نے عندیہ دیا ہے کہ افغانستان میں تعینات برٹش فوج 2014ء تک واپس بلالی جائے گی اور وہاں کی ترقی و بہبود کے لئے امدادی رقم میں چالیس فیصد اضافہ کردیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/OOXb
افغانستان متعین برطانوی فوجی دستہتصویر: AP

برطانوی نشریاتی ادارے کو دئے گئے انٹرویو میں فوکس نے کہا کہ افغان مشن میں کامیابی اوّلین ہدف ہے۔

لیام فوکس کے بقول ابتداء سے یہ بات کہی جارہی تھی کہ افغان سیکیورٹی فورسز سلامتی کی مکمل ذمہ داریاں 2014ء تک سنبھال لیں گی۔ برطانوی اخبار انڈیپینڈنٹ نے بھی حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ 2014ء تک نیٹو فورسز کے انخلاء اور ان کی جگہ افغان آرمی اور پولیس کی تعنیاتی کے نقشہ جات ترتیب دے دئے گئے ہیں۔
Liam Fox britischer Vize Verteidigungsminister
وزیر دفاع لیام فوکستصویر: picture-alliance/ dpa

2001ء میں افغانستان پر امریکی حملے اور طالبان حکومت کے خاتمے سے اب تک 322 برطانوی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج میں امریکہ کے بعد سب سے زیادہ، لگ بھگ ساڑھے نو ہزار فوجی برطانوی ہیں۔

برطانیہ میں بین الاقوامی ترقی کے وزیر اینڈریو مچل کا کہنا ہے کہ نئی مخلوط حکومت صحت اور بین الاقوامی امداد کے شعبوں کے بجٹ میں کٹوتی نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا ہے، ’ہم نے بڑے دھیان سے دیکھا ہے کہ کس طرح برطانوی ٹیکس دہندگان کی رقوم افغانستان میں خرچ کی جارہی ہیں، ہم نے بعض دیگر شعبوں میں بے جا اخراجات روک کر افغانستان کے لئے مزید چالیس فیصد رقم حاصل کرلی ہے۔ ‘

برطانوی حکومت 2009ء تا 2013ء کے دوران افغانستان میں استحکام اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں 510 ملین پاؤنڈ کی امداد کا اعلان کرچکی ہے۔  برطانوی حکومت کو بڑھتے بجٹ خسارے کا سامنا ہے تاہم اینڈریو مچل کا کہنا ہے کہ افغانستان کی امداد محض اخلاقی ذمہ داری کے طور پر نہیں بلکہ قومی مفاد کے تحت بھی کی جارہی ہے۔    

Großbritannien Außenminister William Hague
وزیر خارجہ ولیم ہیگتصویر: AP

واضح رہے کہ برطانیہ کے وزیر خارجہ ولیم ہیگ بھی اگلے تین سال میں انخلاء کی جانب اشارہ کرچکے ہیں تاہم انہوں نے یہ واضح کیا کہ اگلے چند سالوں میں کیا ہوگا، برطانوی حکومت اس حوالے سے حتمی اوقات کار ترتیب نہیں دے رہی۔

ہیگ، دنیا کے لگ بھگ ستر دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ رواں ہفتے کابل کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ افغانستان کے مستقبل سے متعلق یہ اہم کانفرنس منگل کو منعقد ہوگی۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں