1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی ملکہ کے ’محبت نامے کی طرح کے خط‘ کی نیلامی

مقبول ملک24 اپریل 2016

ابھی حال ہی میں اپنی نوّے ویں سالگرہ منانے والی برطانوی ملکہ الزبتھ ثانی کا ایک ’محبت نامے کی طرح کا خط‘ چودہ ہزار پاؤنڈ سے زائد کی رقم میں نیلام کر دیا گیا ہے، جو انہوں نے اس وقت لکھا تھا جب وہ اکیس برس کی شہزادی تھیں۔

https://p.dw.com/p/1Ibgx
Großbritannien Prinzessin Elisabeth in Uniform
شہزادی الزبتھ کی 1945 میں 19 برس کی عمر میں لی گئی ایک تصویر جس میں وہ دوسری عالمی جنگ کے دوران فوجی یونیفارم پہنے ہوئے ہیںتصویر: gemeinfrei

لندن سے اتوار چوبیس اپریل کے روز ملنے والی جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق شہزادی الزبتھ نے یہ خط اپنے ہاتھ سے 1947ء میں لکھا تھا اور یہ 14 ہزار 400 پاؤنڈ یا قریب ساڑھے 18 ہزار یورو میں نیلام ہوا۔

برطانوی نیوز ایجنسی پی اے نے بتایا ہے کہ اس خط کو نجی طور پر قیمتی اشیاء جمع کرنے والے ایک شخص نے خریدا۔ موجودہ برطانوی ملکہ کے قریب سات عشرے پرانے اس خط کو Chippenham آکشن رومز نامی ادارے کے ذریعے نیلام کیا گیا اور بولی لگانے والوں نے اس عمل میں آن لائن اور ٹیلی فون دونوں ذرائع سے حصہ لیا۔

ڈی پی اے کے مطابق اس خط میں ایک کاغذ کے دونوں طرف اپنی تفصیلی تحریر میں شہزادی الزبتھ نے تب یہ لکھا تھا کہ وہ (بعد میں اپنے شوہر بن جانے والے) شہزادہ فیلپ سے کیسے ملی تھیں اور ان دونوں کی دوستی کے ابتدائی سال کیسے رہے تھے۔

پریس ایجنسی کے مطابق اس خط میں شہزادی الزبتھ نے لکھا ہے، ’’جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے، میں فیلپ سے پہلی مرتبہ جولائی 1939ء میں ڈارٹماؤتھ کے رائل نیول کالج میں ملی تھی، دوسری عالمی جنگ شروع ہونے سے کچھ عرصے قبل۔‘‘

اسی خط میں ملکہ الزبتھ نے، جو اب برطانوی تاریخ کی طویل ترین عرصے تک اقتدار میں رہنے والی شاہی حکمران بن چکی ہیں، ایک 21 سالہ لڑکی کے طور پر لکھا ہے، ’’میری عمر 13 برس تھی اور فیلپ 18 سال کا تھا، نیوی کا ایک کیڈٹ، جو اپنے سفر پر روانہ ہونے ہی والا تھا۔‘‘

Großbritannien Queen Elizabeth II. in Windsor
ملکہ الزبتھ ثانی ابھی چند روز قبل ہی90 برس کی ہو گئی تھیںتصویر: Getty Images/AFP/C.Jackson

ڈی پی اے کے مطابق دوسری عالمی جنگ کے دوران شہزادی الزبتھ کو (شہزادہ) فیلپ سے ملاقات کا بہت ہی کم موقع ملا تھا۔ اس وقت ملکہ الزبتھ ثانی کی عمر 90 برس ہے اور ان کے شوہر پرنس فیلپ کی عمر 95 برس۔

شہزادی الزبتھ نے یہ خط دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے چند برس بعد اور پرنس فیلپ کے ساتھ اپنی شادی سے کچھ ہی عرصہ پہلے Betty Shew نامی ایک مصنفہ کو لکھا تھا۔ بَیٹی شِیُو اس وقت اس نئے برطانوی شاہی جوڑے کے بارے میں ایک کتاب لکھنے کی تیاریوں میں تھیں۔

مستقبل کی ملکہ نے تب اس مصنفہ کو ان ذاتی معلومات سے اس لیے آگاہ کیا تھا کہ انہیں اس کتاب میں شامل کیا جا سکے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں