1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی ٹیلی وژن پر پکوان کے پروگرام چھا گئے

24 جنوری 2011

برطانیہ میں اب ہر گزرتے دن کے ساتھ ہی کھانا پکانے کی ترکیبوں والی کتابیں، ٹیلی وژن پروگرام اور ماہر باورچیوں کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہورہا ہے۔

https://p.dw.com/p/101Pb
تصویر: Renato Stockler/NaLata

سماجی امور کے ماہرین برطانوی معاشرے میں نمایاں ہونے والے اس نئے پہلو کو ’Gastroprone‘ کا نام دے رہے ہیں، یعنی کھانے سے رغبت میں انتہائی بیتابی کی حد تک اضافہ۔ اس عنصر کو واضح کرنے کی ویسے تو بے شمار مثالیں ہیں مگر ایک نمایاں مثال، مشہور شیف جیمی اولیور کی کتاب، ’Jamie's 30-Minute‘ ہے۔

پکوان کی تراکیبوں پر مبنی اس کتاب کی دس لاکھ سے زائد کاپیاں تین ماہ میں ہاتھوں ہاتھ بک چکی ہیں۔ اورلیور اسی نام سے ٹیلی وژن پروگرام بھی کرتے ہیں، جو انتہائی مقبول ہے۔ کہا جارہا ہے کہ ان کی یہ کتاب گزشتہ دو دہائیوں کی مقبول ترین غیر افسانوی کتابوں میں شامل ہوگئی ہے۔

Jamie Oliver kocht in Fernsehen
جیمی اولیورتصویر: AP

برطانوی شہریوں کے بارے میں عمومی خیال یہی پایا جاتا ہے کہ ان کے کھانے بہت لذیذ نہیں ہوتے۔ مگر اب حالت یہ ہے کہ جیمی اولیور جیسے درجنوں ایسے مشہور و معروف باورچیوں کو ٹیلی وژن پر دیکھنے اور نئی نئی تراکیب سیکھنے کے لئے لوگ بیتاب رہتے ہیں۔ کچھ ماہرین کو شک ہے کہ کیا یہ نیا شوق گھروں کے اندر باورچی خانوں میں کوئی مثبت تبدیلی بھی لا پائے گا؟

یونیورسٹی آف لندن میں فوڈ پالیسی کے شعبے سے وابستہ پروفیسر Martin Caraher کے بقول اب سے پہلے تک لوگ کھانا پکانے کے نہ تو اتنے شوقین تھے اور نہ ہی اس معاملے پر زیادہ بات کرتے تھے۔ وہ کہتے ہیں، ’ہمارے خیال میں لوگ یہ کتابیں پسند کر رہے ہیں مگر اس پر زیادہ عمل نہیں کرتے۔‘

کھانا پکاتے وقت بے ساختہ ہنسی اور لبھاتی ہوئی اداؤں والی مصنفہ اور ٹیلی وژن شو کی میزبان Nigella Lawson کے بھی لاکھوں مداح ہیں۔ ایک اور مشہور شو، Come Dine With Me ہے، جس میں شہریوں کے درمیان بہترین ضیافت کا انتظام کرنے کا مقابلہ کروایا جاتا ہے۔

Deutschland Fernsehen Kochen Tim Mälzer
ایک ٹی وی شو کا منظرتصویر: picture-alliance/ dpa/dpaweb

مارٹن کا کہنا ہے کہ اگرچہ کسی حد تک لوگوں میں خود پکانے کا شوق ابھرا ہے مگر اب وہ پہلے جیسی بات نہیں کیونکہ اب چاہے گھر میں بھی پکایا جارہا ہو تو بیشتر تیارشدہ اجزاء بازار سے لاکر کھانے میں شامل کردیے جاتے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک اور دلچسپ بات یہ سامنے آئی ہے کہ مشکل معاشی صورتحال کی وجہ سے اب زیادہ سے زیادہ لوگ خود پکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹیلی وژن پر بہت سے ماہر باورچیوں کے پروگراموں کی بڑھتی مقبولیت سے اب ایک اور قیاس آرائی نے جنم لیا ہے کہ شاید اب برطانوی پکوان بھی دیگر اقوام کے مشہور پکوانوں کے مقابلے پر آسکیں۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں