برطانیہ، فرانس اورجرمنی کا ایران کے خلاف نئی پابندیوں کا مطالبہ
24 ستمبر 2012خبر ایجنسی اے ایف پی نے ایک یورپی سفارت کار کے حوالے سے بتایا ہے کہ جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ طور پر اس حوالے سے یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن کوخط لکھا ہے۔
یورپی سفارت کار نے اپنا نام بتائے بغیر اے ایف پی کو بتایا کہ ان تینوں وزراء نے کیتھرین ایشٹن کو یہ خط گزشتہ ہفتے لکھا تھا۔ اس خط میں تہران کے خلاف یورپی یونین کی طرف سے زیادہ سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
ایرانی ایٹمی پروگرام سے متعلق تنازعے میں یورپی یونین تہران کے خلاف زیادہ سخت پابندیوں کے لیے کوششوں میں ہے۔
لیکن دوسری طرف ایرانی صدر محمود احمدی نژاد اس ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران بڑھتے ہوئے بین الاقوامی دباؤ کا مقابلہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
ایرانی صدر احمدی نژاد نے اتوار 23 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ساتھ ایک ملاقات کی۔ کل ہی یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین ایشٹن نے امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے ساتھ مذاکرات کیے۔ نیویارک ہی میں ہونے والی اس ملاقات میں ایشٹن اور کلنٹن نے ایران کے ساتھ تنازعے سمیت کئی امور پر تفصیلی مذاکرات کیے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپی ملک ابھی اس بارے میں تفصیلات طے کر رہے ہیں کہ ایران کے خلاف پابندیوں کی صورت میں کس طرح کے نئے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ یہ نئی ممکنہ پابندیاں 27 ملکوں پر مشتمل یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ایک اجلاس میں زیر بحث آئیں گی۔ یہ اجلاس 15 اکتوبر کو برسلز میں ہو گا۔
امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو شبہ ہے کہ ایرانی ایٹمی پروگرام کا مقصد ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری ہے۔ اس کے برعکس تہران کا کہنا ہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے۔
ایران کے ساتھ تنازعے کے سلسلے میں امریکہ برطانیہ اور فرانس نے گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو خبردار کیا تھا۔ ان ملکوں نے سلامتی کونسل کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ تنازعے کے مذاکراتی حل کے لیے وقت تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے۔
جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے وزرائے خارجہ کی طرف سے کیتھرین ایشٹن سے نئی ایران مخالف پابندیوں کے لیے جو درخواست کی گئی ہے اس کی کئی یورپی سفارتکاروں نے تصدیق کی ہے۔
ایسے ہی ایک سفارتکار نے نیویارک میں کیتھرین ایشٹن کو لکھے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب ضروری ہو گیا ہے کہ ان پابندیوں میں زیادہ سختی لائی جائے۔ ایرانی صدر بدھ کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
(ij / aba ( AFP