1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانیہ ڈیل کے بغیر ہی يورپی يونين سے نکل جائے، ٹرمپ

2 جون 2019

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مطالبات پورے نہیں ہوتے تو برطانیہ کو یورپی یونین سے بغیر ڈیل کے ہی نکل جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ نائجل فیرج کو مذاکرات کے لیے برسلز بھیجا جائے۔

https://p.dw.com/p/3Jcs2
U.S. Präsident Donald Trump
تصویر: Getty Images/W. McNamee

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دورہ برطانیہ سے قبل سنڈے ٹائمز کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ اگر برطانیہ بریگزٹ مذاکرات میں برسلز سے اپنے مطالبات منظور نہیں کرا سکتا، تو اسے کسی ڈیل کے بغیر ہی یورپی یونین سے الگ ہو جانا چاہیے۔ ٹرمپ تین جون بروز پیر سے اپنا برطانیہ کا دورہ شروع کر رہے ہیں۔

اپنے اس بیان سے ایک روز قبل ہی ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ برطانیہ کے نئے وزیر اعظم کے لیے سابق وزیر خارجہ بورس جانسن کی حمایت کریں گے۔ ٹرمپ نے زور دیا کہ لندن کو بریگزٹ مذاکرات کے لیے نائجل فیرج کو برطانیہ روانہ کرنا چاہیے اور اسی برس یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کر لینا چاہیے۔

ٹرمپ نے مزید کہا، ’’میں نائجل کو بہت پسند کرتا ہوں۔ وہ بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ وہ بہت سمارٹ ہیں۔‘‘ بریگزٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ ہوتے تو وہ بریگزٹ کے لیے پچاس بلین ڈالر کی ادائیگی ہر گز نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑی رقم ہے۔

سنڈے ٹائمز سے گفتگو میں ٹرمپ نے برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کی بریگزٹ پالیسی کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا نشانہ بنایا۔ مے بریگزٹ ڈیلیور نہ کر سکنے پر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر چکی ہیں جبکہ اب ان کی جگہ نئے برطانوی وزیر اعظم کے چناؤ کا مرحلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

پیر کے دن برطانیہ پہنچنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا استقبال ملکہ الزبتھ کریں گی جبکہ اس تین روزہ دورے کے دوران وہ وزیر اعظم ٹریزا مے سے بھی ملیں گے۔ ٹرمپ ڈی ڈے کی 75 برس مکمل ہونے کی خصوصی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔

ع ب / ع س / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں