برفیلے پانی میں تیراکی، روس کی یخ ٹھنڈی روایت
کئی ہزار روسی شہری نقطہٴ انجماد سے کم درجہٴ حرارت میں ٹھنڈے یخ پانی کے سوئمنگ پُولز اور تالابوں میں تیراکی کرنا پسند کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اس کھیل میں ذہنی تیاری سردی کے ساتھ جنگ جیتنے میں مدد دیتی ہے۔
سردی میں خوب مزہ
سربیا میں منفی تیس ڈگری سینٹی گریڈ میں تیراکی کے شوقین ان من چلوں کو سردی کی کوئی پرواہ نہیں۔ یہ روس میں سردی کے موسم میں تیراکی کے کھیل کے آغاز پر خوشیاں منا رہے ہیں۔
بہادر بچے
دو سالہ علیزا اور سات سالہ لیزا سردیوں میں تیراکی کرنے کی عادی ہو گئی ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں تیس ہزار سے زائد روسیوں نے برفیلے پانی کی ندیوں اور سوئمنگ پُولز میں غوطہ خوری کی ہے۔
ٹھنڈے پانی میں آرام
نہیں، یہ کسی گرم حمام میں نہیں بیٹھے حالانکہ انہیں دیکھ کر ایسا ہی لگتا ہے کہ یہ گرم پانی سے بھرے ٹب میں انجوائے کر رہے ہیں۔ اکثر لوگوں کو یہ ڈر ہوتا ہے کہ کہیں انہیں یخ ٹھنڈے پانی سے دل کا دورہ ہی نہ پڑ جائے یا پھر کہ کہیں وہ سردی سے بیمار ہی نہ پڑ جائیں لیکن ٹھنڈے پانی میں آرام کرنے والے کئی افراد کی رائے میں یہ عمل صحت بخش ہے۔
روس کے سمندری شیر
روس کے ’برفیلے تیراک‘ اپنے آپ کو ’مورزی‘ کہتے ہیں، جس کا مطلب ہے ’والرس‘ یا ’سمندری شیر‘۔ یہ لوگ ہر ہفتے اپنے مقامی کلب میں ملتے ہیں اور عام سے سوئمنگ کے لباس میں برفیلے پانی میں غوطہ خوری کرتے ہیں۔
ہزاروں سوئیوں کا چبھنا
جنوبی روس کے شہر نوووسی برسک کے یہ تیراک برفیلے پانی میں ڈبکیاں لگا رہے ہیں۔ ایک خاتون کا کہنا تھا،’’مجھے ایسا لگا، جیسے میرے جسم میں ایک ہزار سوئیاں چبھو دی گئی ہوں۔‘‘
گناہوں کا دھلنا
روس میں سب سے مقبول ایک مذہبی عمل ’برفیلا بپتسمہ‘ ہے۔ برف کو صلیب کی شکل میں کاٹا جاتا ہے۔ روس کے آرتھوڈوکس مسیحی 19 جنوری کو مذہبی دن ’ایپی فینی‘ کو مناتے ہیں۔ ان کے عقائد کے مطابق اس روز پانی مقدس ہو جاتا ہے اور وہ اس پانی سے اپنے گناہ دھو سکتے ہیں۔
سوویت یونین سے قبل کی روایت
سن 1917 کے اکتوبر انقلاب سے قبل صرف چند ہی افراد برفیلے پانی میں تیراکی کرتے تھے۔ سوویت یونین کے اختتام کے بعد اس رواج میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح مذہب دوبارہ لوگوں میں مقبول ہوا حالانکہ آرتھوڈوکس چرچ نے کبھی ٹھنڈے پانی میں تیراکی کرنے کی حمایت سرکاری طور پر نہیں کی۔
خطرناک مشغلہ
برفیلے پانی میں تیراکی انتہائی خطرناک ہوسکتی ہے جب تک کہ آپ ایک تربیت یافتہ ’سمندری شیر‘ نہ ہوں۔ جسمانی حدت ہوا کی نسبت پانی میں زیادہ تیزی سے کم ہو جاتی ہے۔ برفیلے پانی میں تین منٹ سے زائد رہنا زندگی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔