برلینالے: بہترین فلم ’ٹچ می ناٹ‘، بہترین ہدایت کار اینڈرسن
برلن میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی فلم فیسٹول برلینالے میں شامل فلموں کے لیے ایوارڈز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ رواں برس رومانیہ کی خاتون ہدایت کارہ کی ایک متنازعہ فلم کو اعلیٰ ترین ایوارڈ کا حقدار ٹھہرایا گیا۔
بہترین فلم ’ٹچ می ناٹ‘
رومانیہ کی ہدایت کارہ ادینا پینٹیلی کی متنازعہ خیال کی جانے والی فلم ’ٹچ می ناٹ‘ کو گولڈن بیئر سے نوازا گیا۔ برلینالے فلم فیسٹول کا اعلیٰ ترین ایوارڈ سنہرا ریچھ یا گولڈن بیئر کہلاتا ہے۔ اس فلم کا موضوع جنسی استحصال ہے۔
گرینڈ جیوری پرائز، پولستانی فلم کے لیے
برلینالے کی ایک اور اہم کیٹیگری گرینڈ جیوری پرائز ہے اور سن 2018 میں یہ پرائز پولینڈ کی خاتون ہدایتکار مالگوروساٹا زموواسکا کی فلم ’مَگ‘ کو دیا گیا۔
بہترین اداکارہ، انا برون
برلینالے فلم فیسٹول میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ سلور بیئر جیتنے والی فلم Isle of Dogs کی اداکارہ انا برُون کو دیا گیا۔ انا برون کا تعلق لاطینی امریکی ملک پیراگوئے سے ہے۔
بہترین اداکار، اینتونی ماژوں
فرانسیسی اداکار اینتونی باژوں کو منشیات کی لت میں مبتلا شخص کی کردار نگاری پر بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے یہ کردار فلم ’ دی پریئر‘ میں ادا کیا۔
بہترین ہدایتکار، ویس اینڈرسن
امریکی فلم ساز ویس اینڈرسن کی فلم ’کتوں کا جزیرہ یا Isle of Dogs کو دوسری بہترین فلم کا اعزاز دیا گیا۔ اینڈرسن کو بہترین ہدایتکار قرار دیا گیا اور اس باعث وہ سلور بیئر کے حقدار ٹھہرے۔ یہ اینیمیٹڈ فلم ہے اور اس میں سیاسی موضوع کو اپنایا گیا ہے۔
بہترین اسکرین پلے، فلم میوزیم
میکسیکو کے ہدایتکار الونسو روئسپلازیوس اور شریک مصنف مانویل الکالا نے فلم ’میوزیم‘ کے اسکرین پلے لکھا۔ برلینالے جیوری کے اراکین کو فلم میوزیم کے اسکرین پلے نے بہت زیادہ متاثر کیا۔ برلینالے میں بہترین فلم کے لیے گولڈن بیئر اور بقیہ تمام کیٹگریز کے لیے سلور بیئر دیا جاتا ہے۔
بہترین ملبوسات فلم ’ڈوولاٹوف‘ کے لیے تیار کیے گئے
اڑسھٹویں برلینالے کے مقابلے میں پیش کردہ روسی فلم ڈوولاٹوف کے لیے جو کاسٹیوم ڈیزائن کیے گئے، وہ سب سے بہترین قرار پائے۔ یہ کاسٹیوم ایلینا اوکوپنایا نے تخلیق کیے۔ اس فلم کی کہانی سابقہ سوویت یونین کے منحرف سیرگئی ڈوولاٹوف کی شخصیت کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں کمیونسٹ دور کے جبر کی عکاسی بھی کی گئی ہے۔
یورپی ثقافت کا مخصوص ایوارڈ، اکیومینیکل جیوری پرائز
برلینالے میں یورپی ثقافت اور مسیحیت کے فروغ کے حوالے سے بھی ایک ایوارڈ خاص طور پر دیا جاتا ہے۔ اس کو Ecumenical Jury's Prize کہا جاتا ہے۔ سن 2018 میں یہ ایوارڈ جرمن فلم ’ 'In the Aisles ‘ کو دیا گیا۔ یہ سابقہ کمیونسٹ دور کے ملک مشرقی جرمنی کے ماحول پر مبنی ہے۔