1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برلینالے: رالف فینیس کی بطور ہدایت کار پہلی فلم کی نمائش

14 فروری 2011

جرمن دارالحکومت میں جاری 61 ویں بین الاقوامی برلینالے فلمی میلے میں آج پیر کے روز معروف برطانوی اداکار رالف فینیس کی بطور ہدایت کار اولین فلم کی نمائش کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/10Gi8
تصویر: dapd

اس فلم کا نام ’کوریولانیس‘ ہے اور یہ ایک ایسی ٹریجڈی فلم ہے، جو عظیم برطانوی ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر کے ایک ڈرامے کو فلما کر بنائی گئی ہے۔

Coriolanus کی تیاری میں Ralph Fiennes نے نہ صرف پہلی مرتبہ ایک پیشہ ور ہدایت کار کے طور پر اپنی خدمات انجام دی ہیں بلکہ اس فلم میں مرکزی کردار بھی انہوں نے خود ہی ادا کیا ہے۔

اس فلم میں رالف فینیس کے ساتھ اہم ترین کردار مشہور اداکارہ وینیسا ریڈ گریو نے ادا کیا ہے۔ یہ فلم برلن کے امسالہ انٹر نیشنل فلم فیسٹیول کی ان فلموں میں شامل ہے، جو باقاعدہ طور پر گولڈن بیئر یا سلور بیئر کے اعلیٰ ترین اعزازات کے لیے دوڑ میں شامل پرڈوکشنز کے طور پر منتخب کی گئی ہیں۔

Deutschland Film Kultur Berlinale Erste Fans warten auf Berlinale-Tickets
برلینالے کو ایک معتبر فلمی میلے کا اعزاز حاصل ہےتصویر: dapd

برلینالے فلمی میلے میں چودہ فروری پیر کے روز اصل مقابلے میں شامل کردہ ایک اہم روسی فلم کی بھی پہلی مرتبہ نمائش کی جا رہی ہے۔ اس فلم کا نام On A Saturday یا ’ایک ہفتے کے روز‘ ہے۔

اس روسی فلم میں، جو مشہور ہدایت کار آلیکسانڈر مندادزے کی محنت کا نتیجہ ہے، 25 برس قبل یوکرائن میں چرنوبل کے مقام پر پیش آنے والے ایٹمی ری ایکٹر کے ہولناک حادثے کو موضوع بنایا گیا ہے۔

اس فلم میں یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ اپریل 1986ء میں دنیا بھر میں اپنی نوعیت کے اس سب سے تباہ کن ایٹمی حادثے کے روز خاص طور پر نوجوانوں کو کس طرح کے حالات اور تجربات کا سامنا کرنا پڑا۔

61 ویں برلینالے میں آج پیر ہی کے دن ایک اہم فرانسیسی فلم بھی پہلی مرتبہ دکھائی جا رہی ہے، جو گولڈن اور سلور بیئر انعامات کے لیے مقابلے میں شامل نہیں ہے۔ اس فلم کا نام The Women of the 60th Floor یا ’ساٹھویں منزل کی خواتین‘ ہے۔

برلن کے اس گیارہ روزہ بین الاقوامی فلمی میلے کے پانچویں دن پیر ہی کو Isabel Coixet کی تیار کردہ ایک ایسی دستاویزی فلم کی خصوصی نمائش بھی کی جا رہی ہے، جس میں مشہور ہسپانوی شاعر Baltasar Garzon کی زندگی کو مو‌ضوع بنایا گیا ہے۔
برلینالے کے موقع پر برلن میں معمول کے فلمی پروگرام سے ہٹ کر چودہ فروری کی شام ایک ایسے شو کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، جسے Cinema for Peace یا ’امن کے لیے سینما‘ کا نام دیا گیا ہے۔

بہت سے انتہائی اہم ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کے علاوہ اس پروگرام میں شرکت کرنے والی ہالی ووڈ کی اہم ترین شخصیات میں سٹار اداکار شان پین اور بزرگ فنکار کرسٹوفر لی بھی شامل ہیں۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں