بلوچستان: ایرانی مارٹر شیل سے ایک پاکستانی شہری ہلاک
27 مئی 2017صوبہ بلوچستان میں ضلع پنجگور کے ڈپٹی کمشنر عبدالجبار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران ایرانی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ’کئی‘ مارٹر شیل اور راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔
عبدالجبار نے مزید کہا،’’مارٹر شیل لگنے سے ایک پاکستانی شہری اُسوقت ہلاک ہو گیا جب وہ اپنی پک اپ پر اس علاقے سے گزر رہا تھا۔‘‘ عبدالجبار کے مطابق اس حوالے سے پاکستانی حکام نے ایرانی حکام سے احتجاج بھی کیا ہے اور آج اتوار کے روز اس مسئلے پر بات چیت کے لیے میٹنگ بلانے کو بھی کہا ہے۔ اس حوالے سے فوری تبصرے کے لیے ایرانی حکام تک رسائی نہیں ہو سکی۔
ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات گزشتہ ماہ سے تناؤ کا شکار ہیں۔ گزشتہ ماہ عسکریت پسندوں نے پاک ايران سرحد کے قريب ایرانی صوبے سیستان بلوچستان میں کارروائی کرتے ہوئے دس ايرانی سرحدی محافظوں کو ہلاک کر ديا گيا تھا۔
تہران حکومت کا دعویٰ تھا کہ يہ حملہ سنی عسکریت پسند گروہ جيش العدل کے ارکان نے پاکستان سے کيا تھا۔ بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ محمد جاوید ظریف نے پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا۔ اس دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے مابین مشترکہ سرحد پر سکیورٹی کے اقدامات مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
رواں ماہ کے پہلے ہفتے کے اختتام پر ايرانی فوج کے سربراہ نے پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ اگر ايرانی سرزمين پر حملے کرنے والے جنگجوؤں کی پاکستان ميں موجود پناہ گاہوں کے خلاف موثر کارروائی نہيں کی گئی، تو ایران اِن پناہ گاہوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔