بنگلور کے بعد احمد آباد میں دھماکے: انتیس ہلاک، سو زخمی
26 جولائی 2008اشتہار
حکام کے مطابق دھماکے سائکلوں میں نصب کئے گئے تھے اور یہ ستر منٹوں کے وقفے میں یکے بعد دیگرے زوردار دھماکوں سے پھٹ گئے۔ احمد آباد کے مختلف شہروں میں ہونے والے ان دھماکوں کے نتیجے میں عوام میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تمام سترہ دھماکے بھارت کے معیاری وقت ساڑھے چھہ اور ساڑھے سات کے درمیان ہوئے۔ جن شہروں میں یہ دھماکے ہوئے ان میں باپو نگر، جواہر نگر، مانی نگر، ایسان پور اور ہکسر شامل ہیں۔
بھارتی وزیر داخلہ شیو راج پاٹل نے احمد آباد دھماکوں کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت ملوث افراد کو پکڑنے کے لئے ریاستی حکومت کی بھرپور مدد کرے گی۔
دھماکوں کے بعد پورے گجرات میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ملک کے دوسرے بڑے شہروں میں سیکورٹی اداروں کو چوکنا کردیا گیا ہے۔