1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش: 2009ء کی بغاوت میں گرفتار 178 فوجی رہا

23 جنوری 2025

بنگلہ دیش نے جمعرات کو ان 178 سابق فوجی اہلکاروں کو جیل سے رہا کر دیا ہے، جو گزشتہ تقریباً 16 سال سے ایک پرتشدد بغاوت میں ملوث ہونے کے الزام میں قید تھے۔

https://p.dw.com/p/4pX8z
بنگلہ دیش کی جیلوں سے باہر آنے والے اپنے اہل خانہ کے ساتھ مل کر نم دیدہ
بنگلہ دیش کی جیلوں کے باہر رہا ہونے والوں کے رشتے داروں کے خوشی کے آنسوتصویر: Munir Uz Zaman/AFP/Getty Images

 اس وقت ڈھاکہ سے شروع ہونے والی دو روزہ بغاوت کے دوران بنگلہ دیش رائفلز (بی ڈی آر) کے فوجیوں نے 74 افراد کو قتل کر دیا تھا اور اس میں درجنوں اعلیٰ فوجی افسران ہلاک ہو گئے تھے۔ سن 2009 میں اس وقت کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کو اقتدار سنبھالنے کے چند ہفتوں بعد ہی غیر مستحکم کر دیا گیا تھا۔

بنگلہ دیش میں طلبہ کے مظاہروں کا خونریز ترین دن

کیا شیخ حسینہ جمہوریت کی مخالفت پر اُتر آئی ہیں؟

 بغاوت کے خاتمے کے بعد اس میں حصہ لینے کے الزام میں ہزاروں افراد کو پکڑ لیا گیا تھا، جس میں ابتدائی طور پر 150 سے زیادہ افراد پر مقدمہ چلا کر انہیں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔ ان مقدمات کی کارروائی کے طریقہ کار پر انسانی حقوق کے لیے سرگرم گروپوں نے سوالات اُٹھائے تھے اور ان میں ہونے والی مبینہ کوتاہیوں پر تنقید کی تھی۔

رہا ہونے والوں پر الزامات کیا تھے؟

جمعرات 23 جنوری کو، جن افراد کو ضمانت پر رہا کیا گیا، انہیں پہلے ہی قتل کے الزام سے بری کیا جا چکا ہے، تاہم انہیں 'دھماکہ خیز مواد رکھنے کے قوانین‘ کی خلاف ورزی کے الزام میں حراست میں رکھا گیا تھا۔ ان کے مقدمات مذکورہ بغاوت کے ایک دہائی سے زائد عرصے بعد بھی زیر التوا ہیں۔ حال ہی میں رہا ہونے والے 38 سالہ عبدالقاسم نے اے ایف پی کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا،'' میں اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔ میں اپنی فیملی کے پاس واپس جا رہا ہوں۔‘‘

بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ کو امریکہ پرغصہ کیوں آیا؟

ان قیدیوں کی رہائی اکثر رشتے داروں کو خواب محسوس ہو رہی ہے
جمعرات کو صبح ہی سے جیلوں کے باہر رہا ہونے والے قیدیوں کے رشتے داروں کا ہجومتصویر: Munir Uz Zaman/AFP/Getty Images

ان افراد کی رہائی بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی اس جنوبی ایشیائی ریاست پر 15 سال تک قائم رہنے والی مطلق العنان حکومت کے خلاف طالب علموں کی قیادت میں ہونے والی بغاوت کے چند ماہ بعد عمل میں آئی ہے۔

بنگلہ دیش رائفلز کے مزید 611 سپاہیوں کو سزا

ڈھاکہ کی جیلوں کے باہر ہجوم

 16 سال سے جیل میں قید نیم فوجی اہلکاروں کی رہائی کی خبر پھیلتے ہی جمعرات کو صبح سویرے بنگلہ دیشی جیلوں کے باہر قیدیوں کے رشتہ داروں نے جمع ہونا شروع کر دیا تھا۔ رہا ہونے والے مردوں میں سے ایک کی 40 سالہ شریک حیات شیولی اختر نے اس موقع پر خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا،''یہ سب ایک خواب لگ رہا ہے۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ اگر حسینہ اقتدار میں ہوتیں تو میرے شوہر کبھی بھی جیل سے باہر نہیں آ سکتے تھے۔‘‘

حسينہ واجد ملک سے فرار، فوجی چيف کا عوام سے خطاب

بنگلہ دیش رائفلز میں بغاوت، سینکڑوں ملزمان پر فرد جرم عائد

اس خاتون کا مزید کہنا تھا،''یہاں کوئی انصاف نہیں تھا۔ ہمارے ساتھ، جو ہوا، وہ غیر منصفانہ تھا۔ میرے شوہر کو بغاوت یا قتل کے بارے میں کچھ نہیں معلوم تھا۔ جب انہیں گرفتار کیا گیا تو وہ بی ڈی آر میں صرف ایک نوآموز تھے۔‘‘

رہا ہونے والوں کے رشتے دار اپنے پیاروں سے مل کر جذباتی ہو گئے
بغاوت کے دوران گرفتار کیے گئے 178 نیم فوجی اہلکاروں کی رہائی کے جذباتی مناظرتصویر: Munir Uz Zaman/AFP/Getty Images

بغاوت کے بارے میں سرکاری تحقیقات

بنگلہ دیش میں 2009 ء کی دو روزہ بغاوت کے بارے میں گزشتہ سرکاری تحقیقات کی بنیاد دراصل عام فوجیوں میں برسوں سے پائے جانے والے غصے کو ٹھہرایا گیا تھا۔ یہ فوجی اپنی تنخواہوں میں اضافے اور اپنے ساتھ ہونے والے سلوک میں بہتری کی اپیلیں کرتے رہے، جنہیں نظر انداز کیا جاتا رہا۔ واضح رہے کہ یہ تحقیقات شیخ حسینہ کے دور میں کی گئی تھیں۔ ان کے مخالفین نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ فوج کو کمزور کرنے اور اپنی طاقت کو مضبوط کرنے کے منصوبے کے تحت بغاوت کو منظم کرنے کی سازش میں ملوث تھیں۔

بنگلہ ديش ميں اب کيا ہونے کو ہے؟

بنگلہ دیش رائفلز بغاوت، 152 کو سزائے موت

 ان کا تختہ الٹے جانے کے بعد سے، تشدد میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ تحقیقات کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے مہم چلاتے رہے۔ ان مطالبات پر حسینہ واجد کی حکومت کی جگہ لینے والی نئی عبوری حکومت نے گزشتہ ماہ عمل درآمد شروع کیا تھا۔

 

ک م/ ا ا(اے ایف پی)