1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش میں روہنگیا کا حال بُرا، مستقبل تاریک

25 مارچ 2021

اقوام متحدہ نے بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجر کیمپ میں آتشزدگی کے حالیہ واقعے میں جھونپڑیوں سے محروم ہو جانے والے ہزاروں مہاجرین کی رہائش گاہوں کی تعمیر نو کے لیے 14 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3r807
TABLEAU | Rohingya | Bangladesh, Brand in Balukhali Cox's Bazar
تصویر: Stringer/REUTERS

پڑوسی ملک میانمار سے سیاسی تعاقب کا شکار ہو کر بنگلہ دیش کا رُخ کرنے پر مجبور روہنگیا مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے بنگلہ دیش کے جنوبی علاقے کوکس بازار میں  مہاجر کیمپوں میں پناہ لی تھی۔ گزشتہ پیر کو کوکس بازار کے بالو کھالی کے چار کیمپوں میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کی مہاجرین کی امور کی ایجنسی یو این ایچ سی آر نے بتایا کہ دو روز قبل بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزین کیمپ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ 560 زخمی ہوئے ہیں۔

سمندر میں پھنسے روہنگیا مہاجرین کو بچانے کی اپیل

یو این ایچ سی آر کی تشویش

اقوام متحدہ کی مہاجرین کے امور کی  ایجنسی یو این ایچ سی آر نے  کوکس بازار کے بالو کھالی میں واقع  کیمپوں کی صورتحال کو تباہ کن قرار دیا ہے۔ اس واقعے کے بعد سے تا حال 400 افراد لاپتہ ہیں۔آگ کی زد میں آنے والے مہاجر کیمپ کے 45 ہزار سے زیادہ پناہ گزین اپنی رہائش سے محروم ہو چکے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ کیمپ کے چاروں طرف خاردار تاروں کی رکاوٹوں کی وجہ سے بہت سے لوگ آگ سے بچ نہیں سکے۔

بنگلہ دیش: کیا روہنگیا پناہ گزینوں کو جبرا جزیرے پر منتقل کیا جا رہا ہے؟

TABLEAU | Rohingya | Bangladesh, Brand in Balukhali Cox's Bazar
کوکس بازار کے بالو کھالی کیمپ تباہی کے بعد۔تصویر: Uncredited/AFP

دریں اثناء اقوام متحدہ کے شعبہ انسانی امداد کے سربراہ مارک لوکوک نے ایک ٹویٹ کے ذریعے امداد کا اعلان کرتے ہوئے تحریر کیا،''میں 'یونائیٹڈ نیشنز سینٹرل ایمرجنسی رسپونس فنڈ‘ یو این ایچ سی ای آر ایف کی طرف سے کوکس بازار کے روہنگیا مہاجر کیمپ میں آگ لگنے سے تٰباہ ہونے والی پناہ گاہوں کی تعمیر نو اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی میں مدد کے لیے 14 ملین ڈالر رقم مختص کر رہا ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اس امدادی رقم سے اس علاقے کے رہائشیوں کو پینے کا صاف پانی، غذا، ذہنی اور نفسیاتی صحت کے لیے ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

بنگلہ دیش: روہنگیا مہاجرین کی متنازعہ جزیرے پر منتقلی کا سلسلہ جاری

تعمیر نو کا کام شروع

اقوام متحدہ کی ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش کی حکومت اور امدادی ایجنسی کے رضاکاروں نے بالو کھالی کے کیمپوں میں آگ لگنے کے واقعے کے متاثرین کی امداد کا کام شروع کر دیا ہے۔ امدادی ایجنسی کے اندازوں کے مطابق 10 ہزار پناہ گاہیں تباہ ہو گئی ہیں اور آگ نے 45 ہزار سے زائد انسانوں کو رہائش سے محروم کر دیا ہے۔

TABLEAU | Rohingya | Bangladesh, Brand in Balukhali Cox's Bazar
تعمیر نو کا کام شروع ہو گیا ہے۔تصویر: Ro Yassin Abdumonab/REUTERS

بے گھر افراد میں اکثریت روہنگیا مہاجرین کی ہے۔ پیر کو لگنے والی آگ سے  اس علاقے کا ایک ہسپتال اور صحت، تعلیم اور غذا سے متعلق چند دیگر اہم مراکز بھی تباہ ہو گئے ہیں۔ آتشزدگی کے متاثرین نے قریبی کیمپوں اور اسکول کی عمارت میں پناہ لی۔

روہنگیا مسلمان، تین سا ل بعد بھی کیمپوں میں رہنے پر مجبور

مزید پریشانیاں آنے کو ہیں

اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کے شعبے کے سربراہ مارک لوکوک نے آئندہ دنوں اور مہینوں میں ان پناہ گزینوں کی صورتحال کے مزید پریشان کن ہونے کی نشاندہی کی ہے۔ لوکوک کا کہنا تھا،'' روہنگیا مہاجرین کو اس وقت پہلے سے کہیں زیادہ ہماری مدد کی ضرورت ہے۔ ایک طرف وبائی مرض بڑھتا جا رہا ہے دوسری جانب مون سون کی آمد آمد ہے۔‘‘ جنوب مشرقی ایشیا کی بُدھ مت کے ماننے والوں کی اکثریتی ریاست میانمار سے 10 لاکھ سے زیادہ روہنگیا مسلمان سیاسی تعاقب، جبر و ستم اور نسلی امتیاز کے بڑھتے ہوئے مظالم کے سبب گھر بار چھوڑ کر پناہ کی تلاش میں بنگلہ دیش پہنچے تھے، جہاں وہ انتہائی کسمپرسی کے عالم میں تنگ پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

ک م / اا/ ڈی پی اے ای