بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ: رضوان اور سعود کی سینچریاں
22 اگست 2024بنگلہ دیش کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے پہلے میچ کے دوسرے روز جمعرات کو 448 رنز کا بڑا اسکور بنانے کے بعد اپنی اننگز ڈیکلیئر کر دی۔
راولپنڈی میں جاری اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں تقریباً دو دنوں میں صرف چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے اور محمد رضوان اور سعود شکیل کی کارکردگی انتہائی متاثر کن رہی۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے سینچریاں بنائیں اور رضوان تو اننگز ڈیکلیئر ہونے تک 171 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ یہ محمد رضوان کی ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔
دوسری جانب سعود شکیل نے بھی 141 رنز کا شاندار ذاتی اسکور بنایا، جس کے بعد وہ بنگلہ دیشی بولر مہدی حسن کی ایک گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں سعود شکیل کی تیسری سینچری ہے۔
دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں اوپننگ بلے بازوں شادمان اسلام اور ذاکر حسن نے اپنی ٹیم کے لیے مجموعی طور پر 27 رنز بنائے تھے اور پاکستان کے اسکور تک پہنچنے کے لیے مہمان ٹیم کو ابھی مزید 421 رنز درکار ہیں اور اس کی تمام وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
اس ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ بھی راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا اور اس کا آغاز تیس اگست سے ہو گا۔
م ا ⁄ م م (روئٹرز، اے ایف پی)