1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بوئنگ سیون تھری سیون میکس کی مزید پروڈکشن بند کرنے کا فیصلہ

17 دسمبر 2019

طیارہ ساز ادارے بوئنگ نے سیون تھری سیون میکس کی مزید پروڈکشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کی وجہ پانچ مہینوں کے اندر اندر اسی ساخت کے دو طیاروں کے حادثات بنے۔

https://p.dw.com/p/3UwJ8
USA Boeing 737 MAX Produktionsstop
تصویر: picture-alliance/AP Photo/T. Warren

بوئنگ ادارے کی جانب سے جاری کر دہ ایک اعلان میں بتایا گیا کہ سیون تھری سیون میکس ہوائی جہازوں کی جانچ پڑتال کے ابھی تک جاری سلسلے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایسے مزید جہازوں کی تیاری فی الوقت روک دی جائے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ترجیحی بنیاد پر تیار شدہ ہوائی جہازوں کی فراہمی کا عمل مکمل کرنے کی کوشش بھی کی جائے گی۔

یہ امر اہم ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں بوئنگ کے یہ طیارے گراؤنڈ کیے جا چکے ہیں۔ رواں برس کے اوائل سے بوئنگ کمپنی کے سیون تھری سیون میکس کو پرواز سے روکنے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ سن 2018 میں انڈونیشیا اور ایتھوپیا میں دو ایسے طیاروں کے حادثوں میں تین سو اڑتالیس انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔

 بوئنگ کمپنی ان طیاروں کو پرواز کے لیے مناسب قرار دینے کی کوشش میں مصروف بھی رہی لیکن کامیابی حاصل نہیں کر سکی۔ طیاروں کی پیداوار معطل کرنے کا فیصلہ امریکی شہری ہوابازی کے قومی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے 737 MAX کو پرواز کی اجازت نہ دینا بنا۔ اس امریکی ادارے نے سن 2020 تک ان طیاروں کو زمین پر ہی کھڑا رہنے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایوی ایشن ادارے کے ماہرین ان طیاروں کی چیکنگ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 

Southwest Airline Boeing 737 Max
اس وقت سیون تھری سیون میکس قسم کے تقریباً چار سو ہوائی جہاز اس ادارے کے ہینگروں میں کھڑے ہیںتصویر: Getty Images/M. Tama

بوئنگ کو ان طیاروں کی وجہ سے نو بلین امریکی ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ ابھی تک بوئنگ ادارہ سیون تھری سیون میکس کے بیالیس ہوائی جہاز ہر مہینے تیار کرتا رہا ہے۔ حیرت کی بات ہے کہ یہ جہاز ایسے حالات میں تیار کیے جاتے رہے جب امریکا سمیت کئی ممالک میں سیون تھری سیون میکس کو گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔ اب صورت حال یہ ہے کہ  تیار شدہ طیاروں کی فروخت ناممکن ہو گئی ہے۔

بوئنگ کمپنی کے مطابق  اس وقت سیون تھری سیون میکس قسم کے تقریباً چار سو ہوائی جہاز اس ادارے کے ہینگروں میں کھڑے ہیں۔ یہ طیارے امریکی شہر سیاٹل کے قریب ایک فیکٹری میں تیار کیے جاتے ہیں۔ اس فیکٹری میں ملازمین کی تعداد بارہ ہزار کے لگ بھگ ہے۔

سیون تھری سیون میکس کی پروڈکشن روکنے کے اندازے کچھ عرصے سے لگائے جا رہے تھے اور ایسے خدشات بھی ابھرے تھے کہ ہزاروں افراد کو ملازمتوں سے فارع بھی کر دیا جائے گا۔ بوئنگ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ کسی ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا۔

ع ح ⁄ م م (اے ایف پی، ڈی پی اے)