بوروسیا ڈوٹمنڈ کی بس دھماکوں کی زد میں
جرمن فٹ بال کلب بوروسیا ڈورٹمنڈ کی بس کے قریب ہونے والے تین دھماکوں کے نتیجے میں اس ٹیم کی نمائندگی کرنے والا ہسپانوی کھلاڑی مارک بارٹرا زخمی ہو گئے ہیں۔ ڈوٹمنڈ میں یہ واقعہ منگل کی شام رونما ہوا۔
بس کے شیشے ٹوٹ گئے
ان دھماکوں کی وجہ سے بوروسیا ڈورٹمنڈ کی بس کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ ٹیم کا ایک کھلاڑی زخمی ہو گیا۔
میچ مؤخر کر دیا گیا
اس واقعے کے بعد چیمپیئنز لیگ کا کوارٹر فائنل میچ موخر کر دیا گیا ہے۔ یہ میچ ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں موناکو کی ٹیم کے خلاف منگل کو کھیلنا تھا۔
کھلاڑی محفوظ رہے
بوروسیا ڈورٹمنڈ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں صرف ایک کھلاڑی معمولی زخمی ہوا جبکہ دیگر سب کھلاڑی اور اسٹاف محفوظ رہا۔
دھماکوں کی وجہ معلوم نہیں
پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ فوری طور پر ان دھماکوں کی وجہ معلوم نہیں ہوئی ہے۔ تاہم تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
صورتحال قابو میں
جرمن پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ دھماکوں کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔
’ٹیم متحد ہے‘
بوروسیا ڈورٹمنڈ کے چیف ایگزیکٹیو نے بتایا ہے کہ اس واقعے کی وجہ سے تمام ٹیم ایک دھچکے کی کیفیت میں ہے۔ ہانس یوآخم واٹزکے نے مزید کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ٹیم بدھ کے دن ہونے والے میچ میں مخالف ٹیم کا مقابلہ کرنے کو تیار ہو گی۔
ہسپانوی کھلاڑی کے ساتھ یک جہتی
اس واقعے میں ہسپانوی کھلاڑی مارک بارٹرا معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ اسپین کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے 26 سالہ بارٹرا جرمن کلب ڈورٹمنڈ کا حصہ بھی ہیں۔ بارسلونا کلب کے علاوہ اسپین کی ٹیم نے بھی بارٹرا اور بوروسیا ڈورٹمنڈ کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا ہے۔