بولی ووڈ ستارے جو سن 2017 میں اپنے مداحوں سے بچھڑ گئے
سن 2017 میں جہاں بھارتی فلمی صنعت میں کئی نئے چہرے ابھر کر سامنے آئے اور اپنے فن کے جوہردکھائے وہاں آسمانِ فن کے چند درخشاں ستارے اپنے چاہنے والوں کو اداس چھوڑ کر دنیا سے رخصت بھی ہوئے۔
ششی کپور
ششی کپور ہندی فلموں کے بہت مقبول ہیرو رہے ہیں۔ بعد میں انہوں نے دوسرے کردار بھی نبھائے۔ ششی نے چھ برس کی عمر سے اپنے والد پرتھوی راج کپور کی تھیٹر کمپنی ’پرتھوی تھیٹر‘ سے فن کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ انہیں بہت سے فلمی ایوارڈوں سے بھی نوازا گیا۔ ششی کپور اناسی برس کی عمر میں گردوں کے عارضے کے سبب رواں ماہ کی چار تاریخ کو انتقال کر گئے۔
ٹام آلٹر
ٹام آلٹر ستمبر 2017 کی انتیس تاریخ کو اس جہان سے رخصت ہوئے۔ وہ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ آلٹر نے ہندی سینما اور تھیٹر دونوں جگہ اپنے فن کا لوہا منوایا۔ اُن کی فنی خدمات کے صلے میں بھارتی حکومت نے سن 2008 میں انہیں پدم شری ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔
ریما لاگو
ریما لاگو نے فلموں میں کام کا آغاز میراٹھی سینما سے کیا۔ بعد میں انہوں نے بڑے ناموں کے ساتھ معاون اداکاری کی اور ماں کے کردار میں انہیں بہت پسند کیا گیا۔ ریما لاگو رواں سال مئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔
ونود کھنہ
ونود کھنہ بھارتی فلم انڈسٹری کے مقبول ہیرو رہے ہیں۔ وہ سن 1946 میں اُس وقت کے برٹش انڈیا میں پشاور کے شہر میں پیدا ہوئے۔ اپنی وفات سے کچھ دن قبل ونود کھنہ کی خراب طبیعت میں لی گئی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ کھنہ ستائیس اپریل سن 2017 کو سرطان کے عارضے میں مبتلا ہو کر جہانِ فانی سے کوچ کر گئے تھے۔
اوم پوری
باکمال بولی ووڈ اداکار سن 1950 میں بھارت کے شہر انبالہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے فن کی بدولت نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی خود کو منوایا۔ اُن کی فلموں میں مقبول، وِش، دہلی چھ اور منڈی جیسی کلاسیک فلمیں شامل ہیں۔ اوم پوری رواں برس چھ جنوری کو حرکت قلب بند ہونے سے ممبئی میں انتقال کر گئے۔