بچوں کے لئے اوباما کی کتاب اشاعت سے پہلے مقبول
15 ستمبر 2010باراک اوباما نےاپنی نئی کتاب خاص طور پر بچوں کے لئے لکھی ہے۔ اس کتاب کا عنوان ’’ Of Thee I Sing ‘‘ ہے۔ یہ اس کتاب کا ایک مختصر سا ٹائٹل ہے جب کہ اس عنوان میں’’ A Letter to My Daughters ‘‘ بھی شامل ہے۔ اس میں اوباما نےان تیرہ تاریخی شخصیات کا ذکر بھی کیا ہے، جو ان کو بہت عزیز ہیں اور جن سے وہ بہت متاثر ہیں۔کتاب میں رنگین تصاویر والے صفحات بھی شامل کئےگئے ہیں۔
چالیس صفحات پر مبنی اس کتاب میں امریکی صدر نے جن شخصیات کا ذکر کیا ہے ان میں ان کی اپنی بیٹیوں کے علاوہ مصور جورجیا اوکیف سے لیکر بیس بال کھیل کے مشہور زمانہ کھلاڑی جیمی روبنسن بھی شامل ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو امریکی کلچر میں اہمیت کے حامل ہیں۔ کتاب میں تصویروں اور خاکوں کو ایوارڈ یافتہ مصورہ لورین لانگ نے ترتیب دیا ہے۔
کتاب کے شائع کرنے والے ادارے رینڈم ہاؤس کے سربراہ چپ گبسن کا کہنا ہے کہ یہ ایک غیر معمولی کتاب ہے اور اس کو شائع کرنا ایک اعزاز ہے۔ گبسن کا مزید کہنا ہے کہ کتاب الفاظ اور تصاویرکے علاوہ تاریخ اورکہانیوں کا انتہائی شاندار امتزاج ہے۔
کتاب اشاعت سے پہلے ہی بیسٹ سیلنگ کے صف میں شامل ہو چکی ہے اور یہ پہلی بہترین پچیس کتابوں میں شمار کی جانے لگی ہے۔ سولہ نومبر کو بچوں کے لئے لکھی جانے والی کتاب کی پانچ لاکھ کاپیاں شائع ہوں گی۔ ابھی سے اندرون امریکہ اور مختلف ملکوں کے کتب فروش اس کتاب کے ارڈرز ارسال کر رہے ہیں۔ اوباما کی نئی کتاب کا تمام منافع بیمار بچوں اور معذور فوجیوں کے خصوصی سکالر شپ فنڈ میں شامل کیا جائے گا۔
اوباما نے یہ کتاب منصب صدارت کے سنبھالنے سے قبل مکمل کی تھی۔ باراک اوباما نے رینڈم ہاؤس پبلشر کے ساتھ تین کتابوں کی اشاعت کا معاہدہ تقریباً بیس ملین ڈالر میں کیا تھا۔ ان کی دوکتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ ان میں’’ ایک میرے والد کے خواب ‘‘ یا Dreams of My Father ہے۔ جبکہ امریکی صدر کی دوسری کتاب کا نام ہے ’’ بے باک امید‘‘ یا The Audaicity of Hope ہے۔ یہ دونوں کتابیں لاکھوں کی تعداد میں شائع ہونےکے ساتھ انتہائی مقبول رہ چکی ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عدنان اسحاق