1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیات

بڑی آن لائن کمپنیوں پر ڈیجیٹل سروسز ٹیکس لگانے کا فیصلہ

29 اکتوبر 2018

برطانوی حکومت مستقبل قریب میں گوگل، فیس بک اور ایمیزون جیسی بڑی بڑی بین الاقوامی آن لائن کمپنیوں پر ڈیجیٹل سروسز ٹیکس عائد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ بات برطانوی وزیر خزانہ ہیمنڈ نے سالانہ بجٹ پیش کرتے ہوئے کہی۔

https://p.dw.com/p/37Lqb
Google Logo
تصویر: picture-alliance/dpa/O. Spata

برطانوی دارالحکومت لندن سے پیر انتیس اکتوبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق وزیر خزانہ فیلپ ہیمنڈ نے اپنے بجٹ خطاب میں کہا کہ ملکی ٹیکس ماڈل جدید کاروبار کے ان حالات کار سے بہت مطابقت نہیں رکھتے، جن میں آن لائن بزنس بہت اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’ڈیجیٹل بزنس ماڈل تبدیل ہو رہے ہیں اور اسی لیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک ایسا زیادہ منصفانہ ٹیکس نظام متعارف کرایا جائے، جس میں  گوگل، فیس بک اور ایمیزون جیسی کمپنیوں کو بھی اپنی آمدنی پر ادائیگیاں کرنا پڑیں۔‘‘

فیلپ ہیمنڈ نے کہا کہ بڑے بڑے آن لائن پلیٹ فارم برطانیہ میں کاروباری اور مالیاتی حوالے سے تو بہت کامیاب ہیں، لیکن ان کی طرف سے اپنی مقامی آمدنی پر کوئی ٹیکس ادا نہ کیا جانا غیر منصفانہ بھی ہے اور ایسا بہت دیر تک ہو بھی نہیں سکتا۔

فیلپ ہیمنڈ کے بقول اس نئے ٹیکس کو ڈیجیٹل سروسز ٹیکس کا نام دیا جائے گا اور اس کے ذریعے چھوٹی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بجائے بڑے بڑے اداروں کو قومی ٹیکس نیٹ ورک میں لایا جائے گا۔

برطانوی وزیر خزانہ کے مطابق اگلے برس مارچ کے آخر تک برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے بعد ملک میں جو قانونی اور مالیاتی اصلاحات ضروری ہو جائیں گی، ان کا ایک حصہ یہ بھی ہو گا کہ اپریل 2020ء سے مقامی طور پر بڑے بین الاقومی آن لائن ادارے بھی ٹیکس ادا کیا کریں گے۔

فیلپ ہیمنڈ کے بقول ایسے اداروں کو برطانیہ میں جتنا بھی کاروباری منافع ہو گا، انہیں اس کا دو فیصد تک ڈیجیٹل سروسز ٹیکس کے طور پر حکومت کو ادا کرنا ہو گا۔

م م / ا ب ع / روئٹرز

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں