بھارت اور قطر کے مضبوط ہوتے ہوئے تعلقات
5 جون 2016قطر کا شمار مائع قدرتی گیس فراہم کرنے والے دنیا کے اہم اور بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔ قطری میڈیا کے مطابق اس وقت بھارت اس شعبے میں اپنی ملکی ضروریات کا پچاسی فیصد سے زائد حصہ قطر سے حاصل کر رہا ہے۔
قطر میں قائم بھارتی سفارتخانے کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران ان دو ملکوں کے مابین تجارتی حجم بڑھ کر تقریباﹰ سولہ ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ تاہم اس میں بھارتی برآمدات کا حجم صرف ایک ارب ڈالر ہے۔
سن 2010 سے بھارت سالانہ بنیادوں پر قطر سے 7.5 ملین ٹن مائع قدرتی گیس خرید رہا ہے۔ قطر کے امیر تميم بن حمد آل ثانی بھی سن 2015 میں بھارت کا دورہ کر چکے ہیں۔ آج بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی اور قطر کے امیر نے کُل سات معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
نریندر مودی نے قطری تاجروں سے بھی ایک ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ بھارت ’’مواقع کی سرزمین‘‘ ہے اور انہیں بھارت میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ قطری انوسیٹمنٹ اتھارٹی بھارت میں متعدد بڑے منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان میں سے ایک بھارتی مواصلاتی کمپنی ’’بھارتی ایئرٹیل‘‘ کا منصوبہ بھی شامل ہے، جہاں قطر حکومت کی سرمایہ کاری ایک بلین ڈالر سے بھی زائد ہے۔
دوسری جانب قطر ایئر لائن نے بھارت میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کا اشارہ دیا ہے جبکہ قطر بھارتی ایئر لائن انڈی گو کے کچھ شیئرز خریدنے کے لیے بھی تیار ہے۔ نریندر مودی ہفتے کے روز قطر پہنچے تھے اور گزشتہ شام انہوں نے اس ملک میں کام کرنے والے بھارتی مزدورں سے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ ان کے حالات سے باخبر ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ مزدورں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
قطر میں رہنے والے بھارتی شہریوں کی تعداد پانچ لاکھ سے زائد بنتی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر قطر کے تعمیراتی منصوبوں کے لیے کام کر رہے ہیں۔