1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، پاکستان کا الزام

14 نومبر 2020

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے ہفتے کو ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں بھارت کی دخل اندازی اور دہشت گردی ميں مبينہ معاونت کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

https://p.dw.com/p/3lI1r
Pakistan Shah Mehmood Qureshi, Außenminister
تصویر: Getty Images/AFP/F. Naeem

پاکستانی حکام کے مطابق ان کے پاس ملک کے اندرونی معاملات ميں بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، جن میں سے کچھ منظر عام پر لائے جا رہے ہیں اور باقی وقت آنے پر پيش کیے جائیں گے۔

پريس کانفرنس ميں فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے بطور ثبوت کچھ دستاویزات دکھائیں، جن سے ان کے مطابق بھارت کی طرف سے پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور مالی معاونت ظاہر ہوتی ہے۔ نیوز کانفرنس میں کچھ آڈیو کلپس بھی چلائے گئے، جن سے حکام کے مطابق 'را‘ کے اہلکاروں کو پاکستان میں دہشت گری کی ہدایات دیتے سنا جا سکتا ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارت کی طرف سے حالیہ برسوں میں پاکستان میں ریاست مخالف شدت پسند گروہوں کو ہتھیار اور پیسہ فراہم کرنے میں اضافہ ہوا ہے۔

Indien Lal Chowk Srinagar - Nach Uri Terrorangriff
تصویر: UNI

انہوں نے کہا کہ بھارتی انٹیلیجنس ایجنسی 'را‘ بلوچستان، خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقوں اور گلگت بلتستان میں قوم پرست قوتوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ ان گروہوں میں تحریک طالبان پاکستان، جماعت الاحرار، بلوچ علحیدگی پسند گروہ بی ایل اے اور دیگر قوم پرست گروپ شامل ہیں۔

بھارت افغانستان میں متحرک

پاکستانی حکام نے الزام لگایا ہے کہ بھارت افغانستان ميں ان گروہوں کی فنڈنگ اور ٹریننگ کر رہا ہے، جن کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا اور سی پیک کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے مزيد کہا کہ اس کام کے لیے کابل میں بھارتی سفارت خانہ اور بھارتی کونسل خانہ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

Symbolbild | Indien Pakistan Freundschaft
تصویر: picture-alliance/dpa/epa/H. Tyagi

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ماضی میں بھی بھارتی انٹیلیجنس ایجنسی 'الطاف حسین گروہ‘ کو کراچی میں دہشت گردی کے لیے استعمال کرتی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں الطاف حسین کے سابقہ ساتھی سرفراز مرچنٹ اور طارق میر 'را‘ کی فنڈنگ کا اعتراف کر چکے ہیں جبکہ اجمل پہاڑی کے بھارتی ٹریننگ کیمپوں سے متعلق عدالت میں بیانات پہلے سے ریکارڈ پر موجود ہیں۔

ایف اے ٹی ایف کا دباؤ

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے خلاف محاذ بنانے کے لیے بھرپور کوشش کی لیکن منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے حوالے سے دنیا کو بھارت کا اصلی چہرہ دکھانا ضروری ہے۔

وزیر خارجہ نے انگریزی میں عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان میں معصوم شہریوں کا قتل و غارت گری ریاستی دہشت گردی ہے، جس کا دنیا کو نوٹس لینا چاہیے۔

FATF Week 2018
تصویر: FATF