1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت روسی ہتھیار خریدے سے باز رہے، امریکی حکام

30 اگست 2018

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ روس سے نئے ہتھیار خریدنے سے باز رہے، دوسری صورت میں بھارت کو دی گئی خصوصی چھوٹ کی ضمانت نہیں دی جا سکے گی۔

https://p.dw.com/p/342mn
Kaschmir Unruhen
تصویر: Imago/Zuma Press

بھارت کی جانب سے نئے اور جدید روسی ہتھیار خریدنے میں دلچسپی کے تناظر میں امریکی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت ایسا کوئی قدم اٹھاتا ہے، تو اسے دی جانے والی خصوصی چھوٹ خطرے میں پر سکتی ہے۔

امریکی حکام کو تشویش ہے کہ بھارت جو ایک انتہائی اہم امریکی عسکری اتحادی بھی ہے اور عالمی سطح پر ہتھیاروں کا بہت بڑا خریدار بھی، وہ روس سے متعدد نئے عسکری نظام خریدنے میں دلچسپی لے رہا ہے، جن میں زمین سے فضا میں مار کی صلاحیت کے حامل لانگ رینج روسی میزائل ایس چار سو بھی شامل ہیں۔

’بھارت اسرائیل سے اینٹی ٹینک میزائل خریدے گا‘

دنیا بھر کو مجموعی اسلحے کا نصف امریکا اور روس نے فراہم کیا

امریکا کے موجودہ ضوابط کے مطابق روس پر پابندیاں عائد ہیں اور وہ ممالک بھی ان پابندیوں کی زد میں آ سکتے ہیں، جو روس سے عسکری یا انٹیلیجنس کے شعبے میں کوئی لین دین کریں گے۔ تاہم امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کی کوشش کی وجہ سے ملکی کانگریس نے صدر اور وزیر خارجہ کو یہ اختیار دیا تھا کہ وہ کچھ خصوصی صورتوں میں کچھ ممالک کو چھوٹ دے سکتے ہیں۔ یہ چھوٹ ان امریکی اتحادیوں کے لیے رکھی گئی تھی، جو مغربی ممالک کے بنائے گئے ہتھیاروں کی بجائے روسی ہتھیار خریدیں گے۔

امریکی نائب وزیر دفاع برائے ایشیا اور پیسیفک سکیورٹی امور رینڈل شریور نے تاہم بدھ کے روز کہا کہ خصوصی چھوٹ سے بھارت کو یہ اشارہ ملا ہے، جیسے وہ ایسی کوئی بھی خریداری کر سکتا ہے اور اس پر امریکی قانون کا کوئی اثر نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا، ’’میں کہوں گا کہ یہ بات درست نہیں ہے۔ ہمیں بھارت کی جانب سے روس سے خریدے جانے والے نئے اور اہم دفاعی پلیٹ فارمز کی خریداری پر شدید تحفظات ہیں۔ میں یہاں بیٹھ کر آپ کو یہ نہیں کہہ سکتا کہ ان پر بھی بھارت کو چھوٹ ملے گی۔‘‘

شریور نے یہ بات امریکی وزیر دفاع اور وزیر خارجہ کی اپنے بھارتی ہم منصب وزراء سے بیک وقت ملاقات سے فقط ایک ہفتے قبل کہی ہے۔ واضح رہے کہ پہلی مرتبہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو ایک ساتھ اپنے دونوں بھارتی ہم منصب وزراء سے ایک تاریخی اجلاس میں ملاقات کرنے والے ہیں۔

ع ت، م م (اے ایف پی، روئٹرز)