بھارت: مستقبل کے اسمارٹ شہر، سو میں سے بیس ناموں کا اعلان
28 جنوری 2016بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے جمعرات 28 جنوری کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق ان 20 بھارتی شہروں میں آئندہ بجلی اور صاف پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور ساتھ ہی نکاسی آب کے جدید نظام کے علاوہ وہاں عوامی آمد و رفت کی سہولتیں بھی بہت بہتر بنا دی جائیں گی۔
روئٹرز نے لکھا ہے کہ منصوبہ سازوں کے مطابق اس پراجیکٹ پر مجموعی طور پر 7.5 بلین امریکی ڈالرز کے برابر مالی وسائل خرچ کیے جائیں گے، اور منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی ان بیس اسمارٹ شہروں میں عمومی معیار زندگی کو ’یورپی شہروں میں معیار زندگی کے ساتھ قابل موازنہ‘ بنا دیا جائے گا۔
اب تک بھارت کے کئی شہر نہ صرف عام شہریوں کے لیے ٹائلٹ جیسی سہولتوں سے متعلق بنیادی انفراسٹرکچر تک سے محروم ہیں بلکہ وہاں ہر سال لاکھوں انسانوں کی دیہی علاقوں سے آمد کے باعث یہ صورت حال بہتر ہونے کی بجائے خراب تر ہو رہی ہے۔
یہ بات بھی اہم ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے پہلے مرحلے میں ملک کے طول و عرض میں واقع جن 20 شہروں کو آئندہ smart cities بنانے کا اعلان کیا ہے، ان میں سے 13 شہر ایسے ہیں، جو عالمی ادارہ صحت WHO کی دنیا کے بیس آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل ہیں۔ ان میں سرفہرست بھارتی دارالحکومت نئی دہلی ہے۔
بھارتی وزیر اعظم مودی نے اعلان کیا تھا کہ وہ 2022 تک ملک کے 100 شہروں کو اسمارٹ سٹی بنا دیں گے۔ وہاں انٹرنیٹ کی دستیابی کی سہولت مثالی ہو گی اور حکومت بھی زیادہ تر الیکٹرانک طریقے سے یا ’ای گورنمنٹ‘ کی صورت میں کام کرے گی۔ انہوں نے سب سے زیادہ زور ان شہروں میں کوڑے کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے جدید اور ماحول دوست طریقوں کے استعمال اور بہت اچھے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم پر دیا تھا۔
نئی دہلی سے آمدہ رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ ان شہروں کو اسمارٹ بنانے کے سلسلے کا مقصد عمومی معیار زندگی میں بہتری کے علاوہ یہ بات بھی ہو گی کہ وہاں سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے، جس سے چار ملین کے قریب روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
وزیر اعظم مودی کی حکومت کے اس پروگرام کے تحت ’انقلابی تبدیلی‘ کے اس عمل سے گزرنے والے پہلے بیس بھارتی شہروں کے ناموں کا اعلان جمعرات کے روز ملکی وزیر برائے شہری ترقی وینکائیا نائیڈو نے کیا۔ ان شہروں میں جنوب میں چنئی سے لے کر نئی دہلی کے ایک حصے تک، اور سیاحوں کے پسندیدہ شہر جے پور سے لے کر اودے پور اور بھوبھانیشور جیسے شہر شامل ہیں۔