1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تین ملین سے زائد ہو گئی

23 اگست 2020

آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے سب سے بڑے ملک بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تین ملین کی حد پار کر گئی ہے۔ اس جنوبی ایشیائی ملک میں اب تک کووڈ انیس کے ہاتھوں تقریباﹰ ستاون ہزار انسان ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3hMLh
تصویر: Imago Images/ZUMA Wire/A. Vaishnav

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق بھارتی وزارت صحت نے بتایا کہ آج اتوار تیئیس اگست کو ایشیا میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ اس ملک میں کووڈ انیس کے مریضوں کی تعداد تین ملین 45 ہزار ہو گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.3 بلین کی آبادی والے اس ملک میں اس وائرس کے 69 ہزار 239 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔

ایک دن میں نو سو سے زائد ہلاکتیں

گزشتہ روز بھارت میں مزید 912 افراد اس بیماری کے ہاتھوں ہلاک ہو گئے، جس کے بعد وہاں کورونا کی وجہ سے انسانی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اب 56 ہزار 706 ہو گئی ہے۔

 اہم بات یہ بھی ہے کہ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے جتنے زیادہ نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے، وہ پچھلے تقریباﹰ تین ہفتوں کے دوران دنیا کے کسی بھی ملک میں ایک دن میں رجسٹر کیے گئے نئے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

بھارتی وزارت صحت کی ویب سائٹ کے مطابق یہ جنوبی ایشیائی ملک اب دنیا بھر میں امریکا اور برازیل کے بعد اس وبائی بیماری سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔ کووڈ انیس نے بھارت سے زیادہ جن دو ممالک کو متاثر کیا ہے، وہ امریکا اور برازیل ہیں۔

وبا کا انتہائی تیز رفتار پھیلاؤ

بھارت میں کورونا وائرس کی وبا اتنی تیزی سے پھیل رہی ہے کہ وہاں اس وائرس سے متاثرہ افرادد کی تعداد جب ایک ملین ہو گئی تھی، تو اس تعداد کو دو ملین ہونے میں صرف 21 دن لگے تھے۔ لیکن اس سے بھی تشویش کی بات یہ ہے کہ ان متاثرین کی تعداد کو دو سے تین ملین ہونے میں محض 16 دن لگے۔

اسی دوران گزشتہ 18 دنوں سے بھارت دنیا کا وہ ملک بھی ہے، جہاں روزانہ بنیادوں پر کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ یہ تعداد پانچ اگست کے بعد سے 50 ہزار روزانہ سے زیادہ ہی رہی ہے۔

سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر

ملکی وزارت صحت کی ویب سائٹ کے مطابق اب تک کورونا وائرس کے 2.2 ملین بھارتی مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ وہاں متاثرین میں انتقال کر جانےو الے مریضوں کی شرح 1.87 فیصد بنتی ہے۔

بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر کووڈ انیس کی عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔ اس ریاست کا دارالحکومت ممبئی ملک کا مالیاتی مرکز بھی ہے۔ مہاراشٹر میں اب تک کورونا وائرس تقریباﹰ چھ لاکھ 72 ہ‍زار افراد کو متاثر کر چکا ہے اور وہاں اس مہلک جرثومے کے باعث 22 ہزار افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

م م / ع ب (ڈی پی اے، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں