1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: نئی دہلی میں شدید بارشوں کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک

30 جون 2024

بھارتی دارالحکومت میں شدید بارشوں کے نتیجے میں اب تک گیارہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 60 کے قریب پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4hgyp
BdTD Indien Unwetter in Neu-Dehli
تصویر: Reuters/A. Abidi

بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی دارالحکومت میں رواں ہفتے جاری شدید بارشوں کے نتیجے 11 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ رواں ماہ نئی دہلی کو 74 سالوں میں سب سے گرم ترین ہیٹ ویو کا سامنا تو کرنا ہی پڑا تھا، اور اب وہاں گزشتہ کئی دہائیوں میں ہونے والی شدید بارشوں کا ریکارڈ بھی ٹوٹ چکا ہے۔

حالیہ دنوں میں دہلی کے اندرا گاندھی ائیر پورٹ کے ایک ٹرمنل کی چھت منہدم ہونے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جو حالیہ بارشوں کے نتیجے میں زمین بوس ہوئی۔ چھت گرنے کے اس واقعے میں ایک شخص ہلاک اور 6 کے قریب زخمی بھی ہوئے۔

دہلی میں مسلسل جاری شدید بارشوں کے باعث کئی پروازیں بھی معطل اور منسوخ کرنا پڑیں۔ بارشوں کے باعث شہر کے دیگر حصوں کو بھی شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا، کئی انڈرپاس پانی سے بھر گئے، شہر کی شاہراہوں پر بد ترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا اور کئی صارفین کو پانی اور بجلی کی کی فراہمی بھی معطل رہی۔

بھارتی دارالحکومت دہلی پانی میں ڈوب گیا

فلائٹ ٹریکنگ پلیٹ فارم 'فلائٹ آوئیر‘ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں دہلی کے مرکزی ہوائی اڈے پر 60 کے قریب پروازیں معطل کرنا پڑیں۔

ہوائی اڈے کے ایک اہلکار کے مطابق فلائٹ آپریشنز آج بروز اتوار معمول کے مطابق چل رہے ہیں اور متاثرہ ٹرمنل سے جانے والی تمام پروازوں کو دو اور ٹرمنلز سے آپریٹ کیا جارہا ہے۔

نئی دہلی کا یہ مرکزی ہوائی اڈہ ملک کے سب سے بڑے اور مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔ ٹرمینل 1، جو حال ہی میں شدید بارشوں کے باعث چھت گرنے کی وجہ سے بند ہے، زیادہ تر کم لاگت والی 'بجٹڈ فلائٹس‘ جیسے کہ انڈیگو اور سپائس جیٹ کی پروازوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر انڈیگو کے ترجمان نے پروازوں کی منسوخی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور اسپائس جیٹ کے ترجمان نے فوری طور پر جواب دینے سے اجتناب کیا۔

ر ب / م ا (رؤئٹرز)