1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: نقل سے بچاؤ کے لیے انٹری ٹیسٹ انڈر ویئر میں

عابد حسین1 مارچ 2016

بھارتی ریاست بہار میں فوج میں بھرتی کا امتحان دینے سے قبل امیدواروں کے انڈرویئر کے علاوہ تمام کپڑے اتروا لیے گئے۔ فوج کے مطابق اس عمل کا مقصد نقل کی حوصلہ شکنی تھی۔

https://p.dw.com/p/1I4xs
مظفر پور کا انٹری ٹیسٹتصویر: Getty Images/AFP/N. Nanu

بھارتی میڈیا کے مطابق مشرقی ریاست بہار میں فوج میں بھرتی کے لیے آنے والے امیدواروں کو تحریری امتحان شروع ہونے سے قبل انڈرویئر کے علاوہ تمام کپڑے اتارنے کا حکم دیا گیا۔ ٹیلی وژن اور اخبارات میں شائع ہونے والی تصاویر میں امیدوار کھلے آسمان تلے زمین پر صرف انڈرویئر پہنے امتحان دے رہے تھے۔ یہ امتحان بہار کے شہر مظفر پور میں لیا گیا تھا۔ اِس امتحانی انداز پر بھارت کے سماجی و معاشرتی حلقوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔

تقریباً گیارہ سو امیدوار فوج کے مختلف شعبوں میں بھرتی ہونے کے لیے پہنچے تھے۔ ان شعبوں میں فوجی، دفتری اور ٹیکنیکل شعبے شامل تھے۔ امیدواروں سے کپڑے اتروا کر امتحان لینے کی وجہ بیان کرتے ہوئے نگرانی پر مامور فوجی حکام کا کہنا تھا کہ یہ عمل نقل کی حوصلہ شکنی کے لیے کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق امیدوار کتابوں کے صفحات تک پھاڑ کر اپنے کپڑوں میں چھپا کر لانے سے گریز نہیں کرتے تھے۔ اس کے علاوہ کپڑے اتارنے سے امیدوار اپنے موبائل فون سے بھی محروم کر دیے گئے تھے۔

Indian Institutes of Technology in Kota
بھارت میں امتحانات کے دوران طلبا میں نقل کا رجحان بہت زیادہ ہو چکا ہےتصویر: AP

بھارتی ٹیلی وژن نیٹ ورک این ڈی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایک امیدوار ہریش امبُو کمار نے کہا جب فوجی حکام نے کپڑے اتارنے کا کہا تو اُس سمیت بقیہ امیدواروں نے خاصی بےچینی اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا لیکن بتایا گیا کہ یہ نقل روکنے کے لیے ہے تو اِس پر ٹیسٹ میں شامل امیدواروں کی ذہنی بےچینی کم ہو گئی۔ فوجی حکام نے امیدواروں کا اِس انداز میں ٹیسٹ لینے کے عمل کا دفاع کیا ہے۔

حکام کے مطابق امیدوار اپنی بنیانوں اور انڈرویئر میں نقل کرنے کی پرچیاں چسپاں کر کے شریک ہوتے رہے ہیں۔ ان کے مطابق نقل کرنے والے امیدوار موبائل فون اپنے انڈرویئر میں رکھ کر باہر کھڑے دوستوں، عزیزوں اور رشتہ داروں سے رابطے استوار کرتے ہوئے جوابات حاصل کرتے پکڑے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی وزارتِ دفاع نے ریاست بہار کے شہر مظفر پور میں کپڑے اتار کر رنگروٹوں کا امتحان لینے پر مقامی فوجی حکام سے جواب طلب کر لیا ہے۔ وزارتِ دفاع نے اِس صورت حال پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ برس بھارت میں دسویں جماعت کے امتحان میں خاندان اور کئی رشتہ دار دیواروں پر چڑھ کر طلبا کی مدد کر رہے تھے کہ ایک اخبار کے فوٹوگرافر نے اُن کی تصویر کھینچ لی تھی۔ اِس تصویر پر سارے بھارت میں حیرت کے ساتھ والدین کے رویے پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔