بھارت:سات منزلہ عمارت منہدم،45 افراد ہلاک
5 اپریل 2013پولیس انسپکٹر ڈگمبر جنگال کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تیرہ بچے اور تیرہ عورتیں شامل ہیں۔ زخمی ہونے والے 59 افراد کو مقامی ہسپتالوں میں علاج معالجے کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔ جنگال کے مطابق متعدد افراد شدید زخمی ہوئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ملبے کی جگہ پر ریسکیو کا کام جاری ہے اور تقریباﹰ ایک سو ریسکیو ورکرز اس آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ جمعہ کی صبح کو پانچ بچوں کو زندہ نکال لیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ سات منزلہ عمارت چھ ہفتوں میں کسی بھی قانونی تقاضے کو پورا کیے بغیر کھڑی کی گئی تھی۔ اس کی چار منزلیں زیر استعمال تھیں۔ تین دیگر منزلوں پر تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا تھا جبکہ آٹھویں منزل بنانے کے لیے کام جاری تھا۔
پولیس نے عمارت کے معمار کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم وہ فرار ہو گیا ہے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممبئی کے نواحی علاقے میں 250سے زائد غیر قانونی عمارتیں قائم ہیں لیکن میونسپل حکام ان کے خلاف کسی بھی طرح کی کارروائی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
بھارت میں ناقص تعمیراتی سامان اور طریقہ کار کی وجہ سے عمارتیں گرنے کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔ نومبر 2010 میں نئی دہلی میں ایک عمارت گرنے سے 60 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
zh/ng(dpa)