1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی آبدوز کو ساحلی حدود سے باہر دھکیل دیا: پاک بحریہ

صائمہ حیدر
18 نومبر 2016

پاکستانی بحریہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک بھارتی آبدوز کو پاکستان کی ساحلی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔ پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ بھارتی آبدوز کو پاکستان کے جنوبی ساحل کی طرف دیکھا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2SuJc
Indien Navy U-Boot
بھارتی نیوی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ  پاکستانی بحریہ کا یہ بیان صریحاﹰ جھوٹ پر مبنی ہےتصویر: Vietnam News Agency/AFP/Getty Images

پاکستان کی بحریہ کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے، جب جوہری ہتھیاروں سے مسلح دونوں حریف ممالک کے درمیان گزشتہ چند ماہ سے کشیدگی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستان نیوی کے مطابق بھارتی آبدوز کا پتہ چلنے کے بعد اسے پاکستان کے پانیوں  میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔ بیان میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں ہیں اور آزادانہ ذرائع سے بھی  اِس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ پاکستانی بحریہ کا کہنا ہے کہ بھارتی آبدوز کو نومبر کی چودہ تاریخ کو پاکستان کے جنوبی ساحل کی طرف دیکھا گیا۔ پاکستانی نیوی نے بھارتی آبدوز کی فوٹیج اور تصاویر بھی شائع کی ہیں۔  دوسری جانب بھارتی نیوی کے ترجمان ڈی کے شرما کا خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ  پاکستانی بحریہ کا یہ بیان صریحاﹰ جھوٹ پر مبنی ہے۔

 یاد رہے کہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں اُڑی کی فوجی چھاؤنی پر رواں برس ستمبر میں حملے کے بعد سے دونوں ممالک میں تناؤ دن بدن بڑھ رہا ہے۔ اٹھارہ ستمبر کو لائن آف کنٹرول کے قریب اڑی سیکٹر میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی جانب سے بھارت کے فوجی اہلکاروں پر ایک حملے میں 19 بھارتی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

بھارت نے الزام عائد کیا تھا کہ حملہ آور پاکستان سے سرحد پار کر کے بھارت میں داخل ہوئے تھے تاہم پاکستان نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرول پر بھی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔