1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی اداکار ہالی وُڈ پر بھی چھا گئے

26 اگست 2010

آج کل ایک درجن سے زیادہ بھارتی اداکار اور فنکار ہالی وُڈ میں کیمرے کے سامنے یا پھر کیمرے کے پیچھے اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اِن میں عزیز انصاری، آرچی پنجابی اور وِک سہائے جیسے فنکار شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/OwZ8
تصویر: AP

یہ بھارتی یا بھارت نژاد فنکار آج کل ’دی آفس‘، ’تھرٹی راک‘، ’کمیونٹی‘، ’چَک‘، ’رائل پینز‘، ’دی بِگ بینگ تھیوری‘ اور ’کوورٹ افیئرز‘ جیسے مقبول امریکی ٹیلی وژن پروگراموں میں اپنے فن کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ بلاشبہ اِس رجحان میں 2008ء کی فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ نے بھی اپنا کردار ادا کیا، جس نے بہترین فلم سمیت آٹھ آسکر ایوارڈز حاصل کئے تھے۔

Filmindustrie Bombay Bollywod Indien
بھارتی فلمیں بھی بین الاقوامی سطح پر جانی پہچانی جاتی ہیںتصویر: AP

27 سالہ عزیز انصاری ایک بھارتی مسلمان ہیں، جن کے والدین تامل ناڈو سے نقل مکانی کر کے امریکہ میں جا بسے تھے اور عزیز انصاری بھی وہیں پیدا ہوئے۔ بنیادی طور پر وہ ایک مزاحیہ اداکار ہیں اور آج کل ’پارکس اینڈ ری کری ایشن‘ نامی مزاحیہ ٹی وی سیریز میں ایک آفس ورکر کا کردار نبھا رہے ہیں۔ اِس سال جون میں اُنہیں ایم ٹی وی مووی ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی تھیں۔

38 سالہ آرچی پنجابی کا اصل نام ارچنا کور ہے، وہ لندن میں سکھ والدین کے ہاں پیدا ہوئیں اور اُن کی پرورش زیادہ تر ممبئی میں ہوئی۔ ’ایسٹ اِز ایسٹ‘ میں وہ مشہور بھارتی اداکار اوم پوری کی بیٹی کے روپ میں جلوہ گر ہوئی تھیں۔ وہ ’دی گُڈ وائف‘ میں ایک تفتیشی افسر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ اُنہیں بہترین معاون اداکارہ کے ایمی ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔

’آؤٹ سورسڈ‘ کے نام سے جلد ہی ایک نئی مزاحیہ ٹی وی سیریز شروع ہونے جا رہی ہے، جس میں ایک امریکی آجر اپنی کمپنی کا کسٹمر سروس سینٹر ممبئی منتقل کر دیتا ہے۔ اِس کی تقریباً ساری ہی کاسٹ بھارتی اداکاروں پر مشتمل ہے۔

Oscars 2009
سلم ڈاگ ملینیئر کے برطانوی ڈائریکٹر ڈینی بوائل آسکر ایوارڈ کے ساتھتصویر: AP

نوجوان اداکار وِک سہائے نے کینیڈا میں بھارتی والدین کے ہاں جنم لیا تھا اور آج کل مزاحیہ ایکشن ٹی وی سیریز ’چَک‘ میں اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ ہالی وُڈ میں بھارتی نژاد فنکار پہلے بھی بتدریج اپنا مقام بنا رہے تھے لیکن ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کی بے مثال کامیابی نے گویا اُن کے راستے کی آخری رکاوٹیں بھی دور کر دیں۔

لاس اینجلس میں انڈین فلم فیسٹیول کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کرسٹینا مارُودا کہتی ہیں:’’اِس فلم کی کامیابی سے امریکی اسٹوڈیوز کو یہ اعتماد حاصل ہوا کہ بھارتی پس منظر کی حامل کوئی فلم مختلف طرح کی منڈیوں میں اپنی جگہ بنا سکتی ہے۔‘‘ چنانچہ اب بھارتی پس منظر کے حامل اداکاروں کو ایسے کردار بھی دئے جا رہے ہیں، جن کا اُن کے نسلی پس منظر سے سرے سے کوئی تعلق نہیں بھی ہوتا۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں