بھارتی تارکین وطن کا دوسرا پسندیدہ ملک پاکستان
پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کب بہتر ہوں گے، یہ کسی کو معلوم نہیں، لیکن امریکی تحقیقی ادارے پیُو کی ریسرچ کے مطابق سن 2015 میں بھارتی تارکین وطن کا دوسرا پسندیدہ ترین ملک پاکستان رہا۔
بھارتی تارکین وطن کی پسند
امریکا، کینیڈا اور برطانیہ جیسے ممالک کے نام بھارتی شہریوں کے پسندیدہ ملکوں میں شمار ہوتے ہیں لیکن اب بھارتی باشندے اپنے ہمسایہ ملک پاکستان کا رخ بھی کر رہے ہیں۔
پاکستان چلو، پاکستان چلو
امریکی تھنک ٹینک پیُو کی ایک ریسرچ کے مطابق سن 2015 میں متحدہ عرب امارات کے بعد پاکستان بھارتی تارکین وطن کا دوسرا پسندیدہ ملک رہا۔
تیزی سے بڑھتے تارکین وطن
گزشتہ پچیس برسوں کے دوران بھارت سے باہر دوسرے ملکوں میں بھارتی شہریوں کی تعداد دوگنا ہو چکی ہے۔ دنیا کے کل تارکین وطن کے مقابلے میں بھارتی تارکین وطن کی تعداد دو گنی رفتار سے بڑھ رہی ہے۔
بھارتی مذہبی اقلیتوں کی مہاجرت
سن 2010 کی ایک ریسرچ کے مطابق بھارت سے دوسرے ملکوں کی جانب رخ کرنے والے بیشتر افراد کا تعلق ہندو مت سے کم اور مذہبی اقلیتوں سے زیادہ رہا ہے۔ بھارت کی کل آبادی میں ہندو 80 فیصد ہیں۔
بھارت کی مذہبی اقلیتیں
بھارت سے غیر ممالک کا رخ کرنے والے تارکین وطن میں سے دس فیصد مسیحی تھے۔ مجموعی طور پر بھارت سے باہر دوسرے ملکوں میں ستائیس فیصد مسلمان بھارتی شہری آباد ہیں۔ بھارت کی کل آبادی میں مسلمان چودہ فیصد اور مسیحی تین فیصد ہیں۔
متحدہ عرب امارت میں سب سے زیادہ بھارتی شہری ہیں
پیو کی ریسرچ کے مطابق خلیج فارس کی عرب ریاست متحدہ عرب امارات میں 35 لاکھ بھارتی تارکین وطن ہیں۔ پاکستان کے 20 لاکھ تارکین وطن اسی ریاست میں آباد ہیں۔ امریکا میں بھارتی تارکین وطن کا تناسب بیس فیصد کے قریب ہے۔
بھارتی تارکین وطن کے ٹاپ ممالک
متحدہ عرب امارات اور امریکا کے بعد سعودی عرب میں انیس فیصد کے قریب بھارتی تارکین وطن روزی کماتے ہیں۔ کویت چوتھے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ عمان، برطانیہ، قطر اور کینیڈا جیسے ملکوں میں ہزاروں بھارتی شہری آباد ہیں۔
بھارت بھی پسندیدہ ملکوں میں شمار ہوتا ہے
پیو کی ریسرچ کے مطابق سن 2015 میں بھارت بھی ان ملکوں میں شامل رہا جہاں بین الاقوامی تارکین وطن پہنچے۔ سن 2015 میں باون لاکھ تارکینِ وطن بھارت پہنچے۔ ان میں بنگلہ دیش سے بتیس لاکھ اور پاکستان سے گیارہ لاکھ تارکین وطن شامل تھے۔